ہیتھر گراہم کی نئی کامیڈی فلم آج سینماؤں کی زینت بنے گی

29جنوری 1970کو امریکا میں پیدا ہوئیں،فلمی سفر کا آغاز 1984سے ہدایتکار آرمسٹرانگ کی فلم ’’مسزسوفل‘‘سے کیا...


Showbiz Desk May 23, 2013
فنکاروں کی شرکت نے فلم ’’دی ہینگ اوورپارٹ3‘‘کے پریمئر کو چار چاند لگادیے، پرستاروںکی محبت پر خوش ہوں،43سالہ امریکی اداکارہ۔ فوٹو: فائل

ہالی وڈ اداکارہ ہیتھر گراہم نئی کامیڈی فلم ''دی ہینگ اوور پارٹ تھری''میں آج اہم کردار نبھائیں گی ۔

اداکارہ ہیتھر گراہم کی یہ فلم 2011کے دوران ریلیز ہونے والی ''دی ہینگ اوور پارٹ ٹو''کا سیکوئل ہے ۔ہیتھر گراہم نے اس امریکی کامیڈی فلم میں اہم کردار نبھایا ہے ۔ہدایت کار و فلمساز ٹاڈفلپس کی اس فلم کو 10کروڑ ڈالر کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے ۔لیجنڈری پیکچرز اور وارنرز برادز کے اشتراک سے تیار ہونے والی اس فلم میں بریڈلی کوپر،ایڈ ہیمز ،کین ،جیفری ٹیمبر،جسٹن برتھا ، اور جان گڈ مین نے اداکارہ ہیتھر گراہم کے ساتھ اہم کردار نبھائے ہیں ۔100منٹ دورانیہ پر مبنی '' ہینگ اوور''سیریز کی یہ تیسری اور آخری فلم ہے اس فلم میں کہانی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے ۔ہدایت کار ٹاڈ فلپس نے ہی اس فلم کی کہانی بھی تحریر کی ہے ۔

فلپس کا کہنا ہے کہ ہینگ اوور سیریز کی اس آخری فلم کا انجام بھی شاندار ہوگا ۔فلم کی کہانی جن کرداروں کے گرد گھومتی ہے ان کی پرفارمنس نے بلاشبہ عمدہ ہے ،ان فنکاروں کے کام نے اس فلم کی کہانی کو بہت اچھے انداز سے ٹریٹ کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ 2011کے دوران فلم ''ہینگ اوور پارٹ ٹو''کی ریلیز کے ساتھ ہی ہم نے اس کے تیسری حصہ پر کام کرنے کا اعلان کردیا تھا ۔انھوں نے بتایا کہ ہمارے پاس اس فلم سیریز کے اختتام کا خاکہ تھا جس پر پارٹ ٹو کی تکمیل کے ساتھ ہی کام کا آغاز کردیا گیا ۔انھوں نے کہا کہ پارٹ ٹو کے بعد فلم کا پارٹ 3ہی شائقین کی صیح معنوں میں تشفی کا سبب بنے گا اور یہی حصہ اس سیریز کا حقیقی معنوں میں اختتام بھی ہوگا ۔فلم کی تکمیل پر اس کی پروموشنل تقریبات کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں ٹیم کے ارکان کی شرکت نے انھیں چار چاند لگادیے۔ انھوں نے کہا کہ ہالی وڈ ستاروں کی جانب سے فلم کے پریمئرز میں شرکت کرنے کی روایت جاری رکھی گئی ہے۔

قبل ازیں اداکارہ ہیتھر گراہم نے کہا ہے کہ ویسٹ ہالی وڈ میں نئی فلم کے پریمئر کے دوران فلم کی کاسٹ کے ساتھ شائقین کے شوق اور ذوق سے خوش آمدید کہنے پر بہت خوش ہوں ،پرستاروں نے ہمیں بڑی چاہت سے ویلکم کیا ہے ۔اس فلم کی کامیابی کے حوالے سے یہی بڑی دلیل ہے۔اداکارہ ہیتھر گراہم نے کہا کہ فلم ''ہینگ اور پارٹ 3''کی پوری ٹیم کے ساتھ پرستاروں کی محبت کا اظہار ٹیم کی محنتوں کا صلہ ہے ۔اچھا کام کرنے والوں کی عزت افزائی کرنے کا یہ خوبصورت انداز مجھے بہت پسند ہے ۔انھوں نے کہا کہ پرستاروں کی جانب سے ہماری پرفارمنس کی تعریف کسی ایوارڈ سے کم نہیں ،مداحوں کو خوش دیکھنا چاہتے ہیں۔ اداکارہ ہیتھر گراہم نے کہا کہ رواں سال ہی ایک اور فلم ''بی ہیونگ بیڈلی'' بھی مکمل ہوکر سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔



واضح رہے کہ 29 جنوری 1970کو امریکا میں پیدا ہونے والی 43سالہ اداکارہ ہیتھر گراہم نے فلمی سفر کا آغاز 1984سے کیا ۔ ہدایت کار آرمسٹرانگ کی فلم ''مسزسوفل ''میں فیکڑی گرل کا کردار نبھایا ۔اس دوران کئی کمرشلز میں جلوہ گر ہوئیں تاہم انھیں شہرت کی بلندیوں پر کامیڈی فلم ''لائسنس ٹو ڈرائیو''نے پہنچایا ۔1986میں فلم ''سکریبل'' میں پرفارم کیا ۔1987میں امریکی ٹی وی کے لیے سیریل ''گروئنگ پینز'' میں کام کیا۔1988کی فلم ''لائسنس ٹو ڈرائیو ''میں عمدہ پرفارمنس پر انھیں بہترین اداکارہ کے ینگ آرٹسٹ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ۔اسی سال فلم ''ٹوئنز''میں بھی کام کیا، 1989کے دوران فلم ''ڈرگ اسٹورکاؤبوائے ''میں عمدہ پرفارمنس پر ہیتھر گراہم کو بہترین معاون اداکارہ کے لیے انڈیپنڈنٹ اسپرٹ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ۔1990کے دوران دو فلمیں سینماؤں کی زینت بنیں ،ان میں ''آئی لو یو ٹو دیتھ''اور ''گلٹی ایز چارجڈ''شامل ہیں ۔

1991میں فلم ''شاؤٹ''کے لیے ایک بار پھر ینگ آرٹسٹ ایوارڈ کے لیے نامزدگی ہوئی۔ 1992کے دوران فلم ''او پائینئر''اور ''ڈگزٹاؤن'' میں پرفارم کیا۔1993میں فلم ''6 ڈگریز آف سیپریشن ''الزبتھ کا کردار نبھایا ۔ 1994میں ''ڈونٹ ڈو اٹ''میں سوزانے کے روپ میں جلوہ گر ہوئیں ۔1995 کے دوران فلم ''ڈیزرٹ ونڈز''،''لٹ اٹ بی می ''اور ''فالن اینجلز'' میں اداکاری کی ۔1996کے دوران فلم ''سیونگرز''،''انٹرٹنینگ اینجلز''اور ''بلٹ ہارٹس'' میں جلوہ گرہوئیں۔ 1997کے دوران ہیتھر گراہم کی فلم ''بوگی نائٹس''میں شاندار پرفارمنس پر انھیں بہترین اداکارہ کا فلوریڈافلم کریٹکس سرکل ایوارڈ دیا گیا۔ اسی فلم پر انھوں نے ایم ٹی وی مووی ایوارڈ بھی جیتا جب کہ اسکرین ایکٹر گلڈ ایوارڈکے لیے نامزدگی ہوئی۔97ء میں ہی ان کی فلم'' سکریم ٹو''ریلیز ہوئی۔1998میں فلم ''لاسٹ ان سیپس'' ، ''فنٹیسی آئسلینڈ''آئی ،1999کے دوران فلم ''آسٹین پاور''میں عمدہ پرفارم کرکے کئی اعلیٰ ایوارڈز اپنے نام کرالیے ۔2000میں فلم ''کمٹڈ''میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔2001میں فلم ''سے اٹ ازناٹ سو''،''سائیڈواکس آف نیویارک''اور فلم ''فرام ہل''کی ۔

2002کے دوران فلم ''کلنگ می سوفٹلی ''اور ''دی گرو''میں کام کیا ۔2003میں ''اینگرمینجمنٹ''اور''ہوپ سپرنگز'' میں فنکارانہ صلاحیتوں کا اظہار کیا ۔2004کے دوران فلم ''بلسڈ''میں کام کیا ۔2005کے دوران ''کیک ''اور ''میری ''میں جلوے دکھائے ۔2006کے دوران فلم ''بوبی '' میں شاندار پرفارمنس پر بہترین اداکارہ کا ہالی وڈ فلم فیسٹیول ایوارڈ اپنے نام کرالیا۔2007میں فلم ''مس کنسپشن''میں کام کیا۔2008میں فلم ''ہیو ڈریم ول ٹریول ''اور'' بے بی آن بورڈ''کی ۔2009کے دوران فلم ''بوگی ووگی ''اور فلم ''ہینگ اوور''کا پہلے پارٹ میں کام کیا ۔2010میں فلم ''ایکس ٹرمینیٹرز''اور ''فائیو ڈے آف وار''کی ۔2011کے دوران فلم ''سن آف مارننگ''،''دی فلائنگ مشین''اور''جوڈی موڈی ''میں کام کیا ۔ 2012 کے دوران فلم ''اباؤٹ چیری ''اور ''ایٹ اینی پرائس ''میں پرفارم کیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں