حفیظ کے ڈگمگاتے کیریئر پر ایک اور کاری ضرب لگ گئی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 4 ستمبر 2018
شان مسعود پہلی بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بن گئے،شاہین آفریدی بھی منتخب، حفیظ ورلڈ کپ پلان میں شامل ہیں،انضمام
 فوٹو : فائل

شان مسعود پہلی بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بن گئے،شاہین آفریدی بھی منتخب، حفیظ ورلڈ کپ پلان میں شامل ہیں،انضمام فوٹو : فائل

 لاہور:  حفیظ کے ڈگمگاتے کیریئرپرایک اور کاری ضرب لگ گئی،آل راؤنڈر ایشیا کپ کیلیے منتخب اسکواڈ میں جگہ نہ بنا سکے۔

فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے کے سبب عماد وسیم کا قومی ٹیم میں واپسی کیلیے انتظار بھی طویل ہو گیا، شان مسعود پہلی بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بن گئے، ڈیبیو کے منتظر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی شامل کرلیا گیا، چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ محمد حفیظ ورلڈ کپ پلان میں شامل ہیں۔

انھیں آزمانے کے مزید مواقع آئیں گے، یواے ای کی کنڈیشنز کے پیش نظر 6 پیسرز کو شامل کیا۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ یواے ای میں شیڈول ایشیا کپ کیلیے16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ مکمل ہونے کے بعد انضمام الحق کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد سے مشاورت کے بعد منتخب کھلاڑیوں کی فہرست جاری کردی، آل راؤنڈر محمد حفیظ کی چھٹی ہو گئی،دورئہ زمبابوے میں اسکواڈ میں شامل ہونے کے باوجود حیرت انگیز طور پر انھیں 5میں سے کسی ایک ون ڈے میچ میں بھی موقع نہیں دیا گیا تھا، سینٹرل کنڑیکٹ کی اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی پہلے ہی ہوچکی، ان کے بالواسطہ احتجاج کا بھی پی سی بی نے بُرا منایا، اب ان کی جگہ شان مسعود نے سنبھال لی ہے۔

اوپنر کا ابھی ون ڈے کرکٹ میں ڈیبیو نہیں ہوا،شان مسعود 12 ٹیسٹ میں ایک سنچری اور 3 ففٹیزکی مدد سے 565 رنز بنا چکے ہیں، انھوں نے آخری بار ملک کی نمائندگی گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کی تھی لیکن کارکردگی مایوس کن رہی،رواں سال ریجنل کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے 8میچز میں شان نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے656 رنز اسکور کیے،ان میں 2 سنچریاں اور 4 ففٹیز شامل تھیں۔کیریبیئن لیگ کے 6میچز کھیلنے کے بعد پاکستان واپس آنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم فٹنس ٹیسٹ پاس نہ کرسکے، وہ گزشتہ سال اکتوبر میں سری لنکا سے سیریز کے بعد کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل پائے ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی بھی پہلی بار ون ڈے اسکواڈ کا حصہ بنے ہیں، پیسر رواں سال زمبابوے کے دورے میں2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکے ہیں۔ایشیا کپ کیلیے منتخب کھلاڑیوں میں سرفراز احمد (کپتان )، فخرزمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، حارث سہیل، آصف علی، حسن علی، شاداب خان، محمد عامر، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری، محمد نواز، شان مسعود اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ ٹورنامنٹ15 سے 28 ستمبر تک دبئی اور ابوظبی میں کھیلا جائے گا، اس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم ایکشن میں دکھائی دے گی۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ فاسٹ بولرز پر زیادہ بوجھ نہ پڑے، یو اے ای میں سخت گرمی کی وجہ سے6 پیسرز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے،موسم کی وجہ سے ایک زائدکھلاڑی کی اجازت ایشین کرکٹ کونسل کی طرف سے دی گئی،انھوں نے کہا کہ بہت سے کھلاڑی ایسے ہیں جن کی پرفارمنس اچھی لیکن اس وقت موقع نہیں دیا جاسکتا۔ محمد حفیظ کی سلیکشن کے حوالے سے انضمام نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ آل راؤنڈر کا کیریئر ختم ہوگیا، وہ پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ پلان میں شامل ہیں،میگا ایونٹ کیلیے ایک پول ہے جس میں سے مختلف کھلاڑیوں کی آزمائش اور تجربات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

فہیم اشرف کے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی سمیت مختلف تجربے اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ عماد وسیم کو فٹنس ثابت کرنے کیلیے 3 مواقع دیے گئے تاہم اپنی انجری کے باعث وہ ٹیسٹ کلیئر نہیں کر سکے،شان مسعود ڈومیسٹک فارم کی بدولت اسکواڈ میں آئے ہیں، انجری کے بعد یاسر شاہ کی ون ڈے ٹیم میں واپسی دورئہ زمبابوے میں ہوئی، انھیں ردھم میں آنے کیلیے وقت درکار ہوگا،اگر ضرورت پڑی تو آزمائیں گے۔ چیف سلیکٹر نے کہاکہ یہ درست ہے کہ سرفراز احمد اپنی اہلیت کے مطابق بیٹنگ نہیں کر پا رہے،انھوں نے اپنا بیٹنگ آرڈر بھی تبدیل کیا ہے، نمبر 4پر کھیلتے ہوئے کارکردگی میں بہتری آئی، امید ہے وہ محنت کا سلسلہ جاری رکھتے مزید بہتر پرفارم کرنے میں کامیاب رہیں گے۔

ایک سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ ویرات کوہلی ایک بڑے بیٹسمین ہیں لیکن ان کے بغیر بھی بھارتی ٹیم کی قوت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، فتح کیلیے گرین شرٹس کو بہترین کارکردگی پیش کرنا پڑے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔