شارع فیصل جناح ٹرمینل سے متصل فلائی اوور کا افتتاح

شاہراہ پاکستان پر زیر تعمیر چاروں فلائی اوورز بھی جلد مکمل کرلیں گے، گورنر.


Staff Reporter May 30, 2013
گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد شارع فیصل پر تعمیر ہونے والے محمود اے ہارون برج کا افتتاح کرنے کے بعد دعا کررہے ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بدھ کی شام شارع فیصل پرجناح ٹرمینل کے قریب 330ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے محمود اے ہارون برج اور ملیر کینٹ کے سامنے ایم ایم عالم سے منسوب روڈ کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی ، ڈی سی ملیر، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز سومرو، پروجیکٹ ڈائریکٹر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی ٹریفک کے لیے شارع فیصل پر یہ ایک چوکنگ پوائنٹ تھا جو ختم کردیا گیا ہے، اس برج پر بجلی کی دستیابی کا مسئلہ نہیں ہوگا کیونکہ یہاں ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئیں ہیں جن میں بہت کم بجلی استعمال ہوتی ہے، شاہراہ پاکستان پر زیر تعمیر چاروں فلائی اوورز بھی جلد مکمل کرلیں گے جن کے فنڈز فراہم کرنے کے لیے مزید کوششیں کی جا رہی ہیں۔



ملیر کینٹ گیٹ نمبر 6 کے سامنے واقع شاہراہ کو 1965 ء کی جنگ کے ہیرو ایم ایم عالم سے منسوب کرنے کے لیے تختی کی نقاب کشائی کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ہیروز کو یاد رکھتی ہیں یہ شاہراہ ہمیں ایم ایم عالم کی یاد دلاتی رہے گی اور ملک و قوم کے لیے کام کرنے کا جذبہ اجاگر کرے گی۔

ایڈمنسٹریٹرکراچی سید ہاشم رضا زیدی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جناح ٹرمینل فلائی اوور مقررہ وقت سے ایک ماہ قبل مکمل کرلیاگیاہے، اس کی تعمیر کا مقصد شارع فیصل کو سگنل فری کرنا ہے یہ برج آج سے ہی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، آئندہ دو روز تک اس پر ٹریفک رواں رکھنے کے بعد لین مارکنگ اور کیٹ آئیزکی تنصیب کا کام انجام دیا جائے گا جبکہ پل کے نچلے حصے کا کام ایک ہفتے کے اندر مکمل کرلیاجائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں