نواز شریف کی طبیعت ناساز، تعزیتی ملاقات کا سلسلہ روک دیا گیا

ویب ڈیسک  بدھ 12 ستمبر 2018
نواز شریف اہل خانہ اور چند قریبی عزیزوں کے ساتھ کمرے میں محدود، بات چیت سے گریز فوٹو:فائل

نواز شریف اہل خانہ اور چند قریبی عزیزوں کے ساتھ کمرے میں محدود، بات چیت سے گریز فوٹو:فائل

 لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبیعت ناساز ہوگئی جس کے باعث تعزیتی ملاقاتوں کا سلسلہ روک دیا گیا ہے۔

نواز شریف رائیونڈ میں اپنے گھر جاتی امرا میں موجود ہیں جہاں بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کے لیے آنے والے لوگوں کا سلسلہ جاری ہے۔ نواز شریف جہاں اپنی شریک حیات کی وفات پر غم سے نڈھال ہیں وہیں دل میں تکلیف کے باعث بھی ان کی طبیعت کافی ناساز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف، مریم اور صفدر کی پیرول پر رہائی میں توسیع

طبیعت خرابی کے باعث انہوں نے تعزیت کے لیے آنے والوں سے لوگوں سے ملاقات کا سلسلہ روک دیا ہے۔  وہ اپنے اہل خانہ اور چند قریبی عزیزوں کے ساتھ کمرے میں محدود ہیں اور کسی سے بات نہیں کر رہے۔

جاتی امرا میں مسلم لیگ (ن) اور دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان بھی تعزیت کے لیے موجود ہیں۔ تہمینہ دولتانہ، مریم اورنگزیب، سعد رفیق سمیت ن لیگ کی سینئر قیادت جاتی امرا میں موجود ہے اور تعزیت کے لیے آنے والے لوگوں سے ملاقات کررہی ہے۔

واضح رہے کہ 2016 میں لندن کے اسپتال میں نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا ہونے پر وہ تقریبا دو ماہ سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اس دوران طبیعت خراب ہونے پر انہیں پمز اسپتال بھی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی تاہم ان کی طبیعت مکمل طور پر ٹھیک نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔