مجرموں کو سزا کے بجائے رہائی مل جاتی ہے،برجیس احمد

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 16 اگست 2012
رینجرز اورپولیس کی موجودگی میں قاتل اور بھتہ خور آزادانہ کاروائیاں کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

رینجرز اورپولیس کی موجودگی میں قاتل اور بھتہ خور آزادانہ کاروائیاں کررہے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے قائمقام امیر برجیس احمد نے شہر میں ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کی شرح میں ایک بار پھرخطرناک حد تک اضافے پر گہری تشویش کا اظہارکیا ہے انھوں نے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غفلت اور نااہلی کا بدترین مظاہرہ کر رہے ہیں ،حکومت مفاہمت کا لبادہ اتارے اور قاتلوں ،اغوا کاروں اور بھتہ خوروں سے نمٹنے کیلیے آہنی ہاتھ استعمال کرے۔

انھوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ قاتلوں نے ماہ صیام کے تقدس کو بھی بالائے طاق رکھ دیا ہے،انھوں نے کہاکہ پولیس ،رینجرز اور دیگر ادارے نہ جانے کس مرض کی دوا ہیں کہ شہر بھر میں تعیناتی،گشت اور اسنیپ چیکنگ کے باوجود قاتل اور بھتہ خور آزادانہ کاروائیاں کرتے پھرتے ہیں مگر کوئی ان پر ہاتھ ڈالنے والا نہیں،اگر کوئی مجرم پکڑا بھی جائے تو اسے سزا ہونے کے بجائے رہائی مل جاتی ہے،پولیس اور رینجرز عام شہریوں کو تو روک کر بلا جواز ذہنی اذیت کا نشانہ بناتے ہیں مگر قاتلوں تک ان کے ہاتھ پہنچنے سے قاصر ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔