ایپسٹین اسکینڈل میں نیا دھماکا، امریکی کانگریس نے مزید تصاویر جاری کر دیں

نئی تصاویر میں ایپسٹین کو نوم چومسکی، بل گیٹس، ووڈی ایلن اور ٹرمپ کے سابق مشیر اسٹیو بینن کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے


ویب ڈیسک December 19, 2025

امریکا میں ایوانِ نمائندگان (ہاؤس) کے ڈیموکریٹ اراکین نے بدنام زمانہ فنانسر اور سزا یافتہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق مزید درجنوں تصاویر جاری کر دی ہیں۔

یہ تصاویر اس وقت سامنے آئی ہیں جب امریکی محکمۂ انصاف کو ایپسٹین کیس سے متعلق مزید فائلیں جاری کرنے کی ڈیڈ لائن قریب آ رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایپسٹین، جو 2019 میں نیویارک کی جیل میں زیرِ سماعت مقدمے کے دوران ہلاک ہو گیا تھا، پر انسانی اسمگلنگ اور جنسی جرائم کے سنگین الزامات تھے۔

ہاؤس اوور سائیٹ کمیٹی کے ڈیموکریٹ اراکین کا کہنا ہے کہ وہ عوام کو حقائق سے آگاہ رکھنے کے لیے تصاویر اور دستاویزات جاری کرتے رہیں گے۔

جاری کی گئی نئی تصاویر میں ایپسٹین کو معروف دانشور نوم چومسکی، ارب پتی بل گیٹس، فلم ساز ووڈی ایلن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشیر اسٹیو بینن کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

بعض تصاویر میں خواتین کے پاسپورٹس، مشتبہ پیغامات اور دیگر حساس مواد بھی شامل ہے، تاہم ان کے ساتھ کوئی تفصیلی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔

ڈیموکریٹ اراکین نے محکمۂ انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایپسٹین کیس سے متعلق تمام فائلیں فوری طور پر منظر عام پر لائے۔ دوسری جانب محکمۂ انصاف کی جانب سے تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا مقررہ ڈیڈ لائن تک مکمل ریکارڈ جاری کیا جائے گا یا نہیں۔

ایپسٹین کیس میں بااثر شخصیات کے ممکنہ روابط اور جیل میں اس کی پراسرار موت بدستور امریکی سیاست اور میڈیا میں بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔

مقبول خبریں