بھارت سے طوفانی بارشوں کے ساتھ سیلابی ریلا پاکستان آنے کا خدشہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 ستمبر 2018
دریائے راوی، چناب، جہلم اور ستلج کے بپھرنے کی وارننگ جاری :فوٹو:فائل

دریائے راوی، چناب، جہلم اور ستلج کے بپھرنے کی وارننگ جاری :فوٹو:فائل

 اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے وسطی پنجاب اور دیگر اضلاع میں آج رات سے پیر تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور بھارت سے طوفانی بارشوں کے ساتھ سیلابی ریلا پاکستان آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت میں طوفانی بارشوں کے سسٹم نے پاکستان کا رُخ کرلیا ہے اور محکمہ موسمیات نے بھی آج رات سے پیر تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے۔ شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے ممکنہ طور پر پانی چھوڑے جانے سے وسطی پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ ہے اور ملحقہ برساتی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات اورپرونشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے ستلج، راوی، جہلم اورچناب میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے اور چاروں دریاؤں کے اطراف کے مکینوں کو خاص طور پر محتاط رہنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

ڈائریکٹرپی ڈی ایم اے ڈاکٹرخرم شہزاد کے مطابق گوجرانوالہ بھارت سے طوفانی ہوائوں و بارشوں کا سلسلہ پاکستان آرہا ہے اور آج رات سے پیر تک لاہور اورگوجرانوالہ ڈویژن کے مختلف علاقوں میں 200 ملی میٹر تک بارشیں ہوسکتی ہیں، اور اگر بھارت نے ڈیمز کا پانی چھوڑ دیا تو پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: کراچی میں سمندری ہوائیں رکنے سے گرمی کی شدت میں اضافہ

ڈاکٹرخرم شہزاد کا کہنا ہے کہ راوی میں مرالہ، جہلم میں منگلا اور دریائے راوی اور ستلج سے منسلک نالوں میں شدید سیلابی صورتحال ہو سکتی ہے اس لئے واسا سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں، متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو بھی حفاظتی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ متعلقہ علاقوں میں ریسکیو 1122، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز، واسا اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام ادارے تیاریاں یقینی رکھیں اور ایمرجنسی کی صورت میں شہری ہیلپ لائن پر مطلع کریں۔

دوسری جانب فلڈ کنٹرول حکام نے بھی ہفتہ، اتوار اور سوموارتک دریائے راوی، چناب، جہلم اور ستلج کے بپھرنے کی وارننگ جاری کردی ہے اور کہا ہے کہ ہفتے سے پیر تک وسطی پنجاب میں 200 ملی میٹر تک بارشیں ہوں گی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہائوالدین، حافظ ۤباد اور نارووال میں طوفانی بارشیں ہوں گی۔

شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے ممکنہ طور پر پانی چھوڑے جانے سے وسطی پنجاب کے دریاؤں میں سیلاب کا خدشہ ہے، ملحقہ برساتی نالوں میں بھی طغیانی آسکتی ہے، شہروں میں نشیبی علاقوں اور تینوں دریاؤں کے کناروں پر آبادیوں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔