پاکستانی آن لائن کمپنی نے گوگل کا ’آڈینس چوائس ایوارڈ 2018‘ جیت لیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 ستمبر 2018
پاکستان بھر سے 12 ہزار سے طبی ماہرین ’مرہم‘ سے وابستہ ہیں، اطلس برنی فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان بھر سے 12 ہزار سے طبی ماہرین ’مرہم‘ سے وابستہ ہیں، اطلس برنی فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی: پاکستان میں پہلی مرتبہ آن لائن طبی سہولیات اورخدمات فراہم کرنے والی کمپنی ’مرہم‘ نے ’گوگل ڈیمو ڈے ایشیا‘ میں ’آڈینس چوائس ایوارڈ ‘ جیت لیا ہے۔

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے رواں برس کے اوائل میں شنگھائی میں ’ڈیمو ڈے ایشیا‘ ایوارڈ کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایشیا کی بہترین نئی آن لائن کمپنیوں کی تلاش تھی۔ اس ایوارڈ کے لیے پورے ایشیا سے انٹرٹینمنٹ، فوڈ، صحت، ٹیکنالوجی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنے والی 305 نئی آن لائن کمپنیوں کی جانب سے درخواستیں دی گئیں تھی، جن میں سے صرف 10 کوشارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ جن میں پاکستانی اسٹارٹ اپ ’مرہم‘ بھی شامل تھی۔

’مرہم‘ نے دیگر10 کمپنیوں کے ساتھ 20 ستمبر کو چینی شہر شنگھائی میں منعقد ہونے والی تقریب میں اپنے کام کرنے کے طریقہ کار کو متعارف کروایا۔ مقابلے کے ججز کا کہنا تھا کہ کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کرنے کا مرحلہ انتہائی مشکل تھا کیوںکہ ہر کمپنی ہی اپنے طور پر بہترین کام کررہی تھی۔ گوگل ڈیموڈے ایشیا 2018 میں بھارت سے تعلق رکھنے والے سگٹوپل کے بانی اپرو آنند نے ججز چوائس ایوارڈ جبکہ پاکستان سے مرہم کی نمائندگان اسما عمر اور فروا علی نے آڈینس چوائس ایوارڈ وصول کیا۔

مرہم کی میڈیا کوآرڈینیٹر اطلس برنی کا کہنا ہے کہ ’مرہم‘ کو بنانے کا مقصد ایک عام آدمی کو گھر بیٹھے ماہر ڈاکٹرز کی مدد سے آن لائن سروس فراہم کرنا تھا، کوئی بھی فرد گھر بیٹھے مرہم کی ویب سائیٹ اوراسمارٹ فون ایپلی کیشن کے ذریعے نا صرف کسی بھی بیماری کے ماہر ڈاکٹر تک رسائی حاصل کرسکتا ہے بلکہ معالجین سے آن لائن اپائنٹمنٹ لے کران کے کلینک جا کر بھی معائنہ کرواسکتا ہے۔ اس وقت پاکستان کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے 12 ہزار سے طبی ماہرین ’مرہم‘ سے وابستہ ہیں اور 50 لاکھ سے زائد مریض ہماری خدمات حاصل کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔