نواز شریف اور یوسف گیلانی کی احتساب عدالت میں ملاقات

ویب ڈیسک  پير 22 اکتوبر 2018
چار وزیراعظم تو عدالتوں میں پیش ہو چکے، اب پانچواں بھی آئے گا، یوسف رضا گیلانی فوٹو:فائل

چار وزیراعظم تو عدالتوں میں پیش ہو چکے، اب پانچواں بھی آئے گا، یوسف رضا گیلانی فوٹو:فائل

 اسلام آباد: بدعنوانی کے الزام میں نیب مقدمات کا سامنا کرنے والے دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کی احتساب عدالت میں ملاقات ہوئی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کی اسلام آباد کی احتساب عدالت میں ملاقات ہوئی۔ سابق وزرائے اعظم نے خوشگوار ماحول میں ایک دوسرے کا حال احوال پوچھا۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ چار وزیراعظم تو عدالتوں میں پیش ہو چکے، اب پانچواں بھی آئے گا۔ یوسف رضا گیلانی کی بات پر نواز شریف مسکراتے رہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ وزیراعظم کو نہیں کہنا چاہئے کہ میں فلاں کو پکڑوں گا، ہم کئی سال سے نیب کورٹ آ رہے ہیں، نیب کا ادارہ با اختیار اور آزاد ہونا چاہئے، احتساب ہونا چاہئے مگر احتساب کا ادارہ آزاد ہونا چاہئے، 10 سال میں نے جیل مینول کے مطابق جیل کاٹی، فیصلے میرے حق میں ہوئے تو میرے 10 سالوں کا جواب کون دے گا۔

یوسف رضا گیلانی اشتہاری مہم کے لیے غیر قانونی ٹھیکے دینے کے مقدمے میں جب کہ نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ یوسف رضا گیلانی کے خلاف مقدمے کی کارروائی میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جس کے بعد عدالت نے کیس کی سماعت 23 نومبرتک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔