افغان طالبان رہنما ملا برادر کو امن عمل میں مدد کیلئے رہا کیا گیا، پاکستان

ویب ڈیسک  اتوار 28 اکتوبر 2018
ایک اور طالبان کمانڈر ملا عبدالصمد ثانی کو بھی رہا کیا گیا ہے، پاکستانی حکام فوٹو:فائل

ایک اور طالبان کمانڈر ملا عبدالصمد ثانی کو بھی رہا کیا گیا ہے، پاکستانی حکام فوٹو:فائل

کابل: پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ افغان طالبان کے اسیر رہنما ملا عبدالغنی برادر کو افغان امن عمل میں تعاون کیلئے رہا کردیا گیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانہ نے ملا عبدالغنی برادر کی پاکستان میں رہائی کی تصدیق کردی ہے۔ ان کے ساتھ ساتھ ایک اور طالبان کمانڈر ملا عبدالصمد ثانی کو بھی رہا کیا گیا ہے۔ سفارتی حکام نے کہا کہ ملا برادر کو افغان امن عمل میں مدد فراہم کرنے کیلئے رہا کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغان طالبان کی ملا برادر کی پاکستانی قید سے رہائی کی تصدیق

ملا عبدالغنی برادر کا شمار طالبان تحریک کے بانی رہنماؤں میں ہوتا ہے جو طالبان کے مرحوم سربراہ ملا عمر کے انتہائی قریب تھے۔ تقریبا تین روز قبل افغان طالبان نے بھی ان کی پاکستانی قید سے رہائی کی تصدیق کی تھی اور بتایا گیا ہے کہ اب وہ کراچی میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔

افغان میڈیا نے اپنے ذرائع سے بتایا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے رواں ماہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی حکام سے ملا برادر کو رہا کرنے کی درخواست کی تھی۔ ملا عبدالغنی برادر کو 2010 میں آئی ایس آئی اور سی آئی اے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں گرفتار کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔