وزیراعظم عمران خان کے دورے سے نئے باب کا آغاز ہوگا، چین

ویب ڈیسک  منگل 30 اکتوبر 2018
وزیراعظم عمران خان 2 نومبر کو چین کے دورے پر بیجنگ پہنچیں گے۔ فوٹو : فائل

وزیراعظم عمران خان 2 نومبر کو چین کے دورے پر بیجنگ پہنچیں گے۔ فوٹو : فائل

بیجنگ: چینی دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دورہ چین سے دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ ترقی، تعلقات اور تعاون کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان چینی دفتر خارجہ لوکانگ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان چینی ہم منصب کی دعوت پر 2 نومبر کو چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں شرکت کے لیے بیجنگ پہنچ رہے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دورے سے پاک چین تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور دو طرفہ معاشی ترقی کے لیے نئے تعلقات کی بنیاد رکھی جائے گی۔ پاکستانی وزیراعظم چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ خطے میں سیاسی صورت حال میں تبدیلی اور عالمی منظر نامے میں ہونے والی نئی صف بندی کے باوجود چین اور پاکستان کے درمیان خوشگوار تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ شنگھائی میں آئندہ ہفتے درآمدات کے حوالے سے ایک بڑی تجارتی نمائش منعقد ہونے جارہی ہے جس میں 18 ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اس تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔