شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر

لاہور ہائی کورٹ نے غیر قانونی طور پر شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کی، درخواست گزار کا موقف


ویب ڈیسک November 03, 2018
سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نیب نے 5 اکتوبر کو حراست میں لیا تھا۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد ہونے کے خلاف ہائی کورٹ میں نظر ثانی کی اپیل دائر کردی گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردہ نظرثانی اپیل میں وفاقی حکومت، نیب اور شہباز شریف کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شہباز شریف پر آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں لطیف سننز کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے خواجہ سعد رفیق کی کاسا کنسٹرکشن کمپنی کو دینے کا الزام ہے، شہباز شریف کو انکوائری مکمل ہونے اور جرم ثابت ہونے سے قبل گرفتار کیا گیا حالانکہ ایسا کرنا آئین کے آرٹیکل 10 کی خلاف ورزی ہے، چیئرمین نیب کا دوران انکوائری کسی بھی ملزم کو گرفتار کرنے کا اختیار آئین سے متصادم ہے۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ شہباز شریف کو کیس میں آزاد اور منصفانہ ٹرائل کا حق نہیں دیا گیا، لاہور ہائی کورٹ نے غیر قانونی طور پر شہباز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کی، عدالت سے استدعا ہے کہ شہباز شریف کی گرفتاری کالعدم قرار دی جائے اور ان کی ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو نیب نے 5 اکتوبر کو حراست میں لیا تھا۔ لاہور ہائی کورٹ نے 24 اکتوبر کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں