سانحہ 12 مئی کے 2 مقدمات میں میئر کراچی وسیم اختر پر فرد جرم عائد

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 دسمبر 2018
وسیم اختر اور دیگر ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔ فوٹو:فائل

وسیم اختر اور دیگر ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔ فوٹو:فائل

 کراچی: سانحہ 12 مئی کے دو کیسز میں میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی۔

کراچی کی انسدادِ دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 12 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے 2 مقدمات میں وسیم اختر اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی تاہم تمام ملزمان نے صحتِ جرم سے انکار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: بارہ مئی کیس میں میئر کراچی پر فرد جرم عائد

ملزمان کے وکلا نے اعتراض کیا کہ ہم نے مقدمات کی دوسری عدالت منتقلی کی درخواست دائر کرکھی ہے، اس درخواست کے فیصلے تک فرد جرم مؤخر کی جائے۔ انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے ملزمان کے وکلا کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے فرد جرم عائد کردی۔

ان کیسز میں عمیر صدیقی گرفتار ہیں جبکہ وسیم اختر سمیت 19 ملزمان ضمانت پر ہیں جب کہ 20 ملزمان مفرور ہیں۔  وسیم اختر پر پہلے بھی سانحہ 12 مئی کے دو مقدمات میں فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔

واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور آمریت میں وکلا تحریک کے دوران معزول چیف جسٹس افتخار چوہدری کی کراچی آمد پر سیاسی جماعت کے کارکنوں کی فائرنگ سے وکلا سمیت کم از کم 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔