تیونس میں صحافی کی خود سوزی کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے

صحافی کی خود سوزی کے بعد ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے


ویب ڈیسک December 26, 2018
صحافی نے لائیو ویڈیو کے درمیان خود پر پٹرول ڈال کر آگ لگائی۔ فوٹو : سوشل میڈیا

تیونس کے صحافی کی لائیو ویڈیو کے دوران کرپشن، بیروزگاری اور پست معیار زندگی پر خودسوزی کے بعد ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تیونس کے 32 سالہ صحافی عبدالرزاق زورگوئی نے حکومت کے کرپشن کے خاتمے، بیروزگاری اور بلند معیار زندگی مہیا کرنے میں ناکامی پر دل برداشتہ ہو کر لائیو ویڈیو میں خود سوزی کرلی۔

صحافی کو اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خالق حقیقی سے جا ملے۔ صحافی حکومت کے بلند بالا دعوؤں کی عدم تکمیل پر افسردہ تھے اور اکثر ملک میں بڑھتی غربت، بیروزگاری اور کرپشن پر ناراضگی کا اظہار کرتے تھے۔

Tunisia 2

صحافی کی خود سوزی کے بعد ملک بھر میں احتجاج شروع ہوگیا جو بڑھتے بڑھتے دارالحکومت تک پہنچ گیا، احتجاج کو روکنے کے لیے اضافی نفری تعینات کردی گئی۔ درجن سے زائد شہری پولیس جھڑپ میں زخمی ہوگئے۔

واضح رہے کہ 2010 میں پھیری لگانے والے شخص نے بیروزگاری، کرپشن اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف خودکشی کرلی تھی جس کے بعد پھوٹنے والے ملک گیر ہنگاموں نے 24 سال سے صدارت کے عہدے پر براجمان صدر زین العابدین کو مستعفی ہونے پر مجبور کردیا تھا۔

مقبول خبریں