برٹش کونسل کا کراچی کے بجائے لاہور میں لائبریری کھولنے کا اعلان

او اور اے لیول کی سب سے زیادہ انرولمنٹ رکھنے کے باوجود شہرکراچی کے طلبا کو مکمل طور پر نظرانداز کردیا گیا


Safdar Rizvi July 18, 2013
کراچی میں 9/11کے حادثے کے بعد بند ہونے والی لائبریری کوکھولنے سے متعلق کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔ فوٹو: کیریٹیو کامنز/فائل

MULTAN: برٹش کونسل نے او اور اے لیول کی سب سے زیادہ انرولمنٹ رکھنے والے شہرکراچی کونظرانداز کرتے ہوئے لاہورمیں ''برٹش کونسل لائبریری'' دوبارہ کھولنے کااعلان کردیاہے۔

جبکہ کراچی میں گزشتہ عشرے میں بند کی گئی لائبریری کودوبارہ کھولنے کے بجائے محض ایک کلچرل اسپیس''کھولنے کا عندیہ دیا ہے تاہم اس کلچرل اسپیس کے خدوخال کیا ہونگے اس بات کی وضاحت بھی نہیں کی گئی ہے محض ایک مبہم اعلان گیا ہےکہ برٹش کونسل کی جانب سے آئندہ برس کراچی میں کلچرل سینٹرکھولاجائےگا تاہم کراچی میں 9/11کے حادثے کے بعد بند ہونے والی لائبریری کوکھولنے سے متعلق کوئی اعلان سامنے نہیں آیا یاد رہے کہ برٹش کونسل نے جولائی 2006میں کینٹ اسٹیشن کے قریب واقع برٹش کونسل کے سابق عمارت سے اس کے دفاتر برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن کی کلفٹن میں واقع عمارت میں منتقل کردیے تھے ۔



جبکہ سابقہ عمارت میں برٹش کونسل کی ایک وسیع لائبریری موجود تھی جبکہ طلبہ کے لیے انگریزی زبان سکھانے کے لیے ''انگلش لینگویج کورس''کے مختلف لیولزبھی کرائے جاتے تھے اس کورس کوپڑھانے کے لیے برطانوی اساتذہ باقاعدہ طور پرکراچی آتے تھے تاہم یہ سلسلہ بھی اسی وقت بند ہوگیاتھااوراس وقت سے تاحال کراچی کے طلبہ وطالبات برٹش کونسل کی اس لائبریری سے محروم ہیں۔

جمعرات کو برطانوی سیکریٹری خارجہ ولیم ہیگ نے لاہورمیں برٹش کونسل کے دفترکے دورے کے موقع پر لاہورمیں 2014 سے برٹش کونسل لائبریری دوبارہ کھولنے کاباقاعدہ اعلان کیااوراس سلسلے میں کہاگیاہے کہ یہ فیصلہ لاہورکے عوام کے بے حد اصرارپرکیاگیاہے اس لائبریری میں اساتذہ، طلبا اور نوجوان کے لیے کتابوں کاذخیرہ موجود ہوگاجبکہ تحقیق کیلیے ڈیجیٹل مواد بھی مہیاکیاجائے گا برطانوی سیکریٹری خارجہ کے مطابق برٹش کونسل لاہورکی لائبریری میں ثقافی سرگرمیاں اورلیکچرز بھی منعقدہوںگے۔

مقبول خبریں