با اثر شخصیت کے ڈپلومہ سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا معاملہ گھمبیر ہو گیا

چیئرمین ٹیکنکل بورڈ نے ناظم امتحانات سمیت تمام افسران و ملازمین کے ذرائع ابلاغ سے رابطے پر باقاعدہ پابندی عائد کردی۔


Safdar Rizvi July 20, 2013
ناظم امتحانات نے سرٹیفکیٹ کو بوگس قرار دیدیا، سرٹیفکیٹ پر بحیثیت سابق ناظم امتحانات دستخط کرنیوالے افسربھی سرگرم. فوٹو: فائل

GILGIT: سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن میں عدالت کی جانب سے ڈپلومہ آف کامرس کے بھجوائے گئے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کا معاملہ گھمبیرصورت اختیار کرگیا اور سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے معاملے پر بورڈ کے موجودہ ناظم امتحانات قاضی عارف اور سابق ناظم امتحانات راشد عزیزکے ما بین شدید اختلافات کے بعد چیئرمین بورڈ نے ناظم امتحانات سمیت تمام افسران و ملازمین کے ذرائع ابلاغ سے رابطہ کرنے پر باقاعدہ پابندی عائد کردی۔

ناظم امتحانات کوکسی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے متعلقہ تعلیمی ادارے سے رابطے کرنے سے بھی روک دیا ہے ، اس سلسلے میں 2علیحدہ علیحدہ آفس آرڈر بھی جمعہ کوجاری کردیے گئے ہیں ، بورڈ انتظامیہ نے تمام افسران اور ملازمین کو ذرائع ابلاغ سے بات چیت سے روکتے ہوئے حیرت انگیز طور پر ایک ایسے افسر راشدعزیزکو ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے لیے مجاز افسرمقررکیا ہے جن کے متنازعہ سرٹیفکیٹ پر بحیثیت سابق ناظم امتحانات دستخط بھی موجود ہیں، موجودہ ناظم امتحانات قاضی عارف متعلقہ سرٹیفکیٹ کوبوگس قراردے رہے ہیں ،سابق ناظم امتحانات اس سرٹیفکیٹ کودرست قراردینے اور اس کی تصدیق کے لیے اپنے تمام ترا ثر و رسوخ استعمال کرنے میں کوشاں ہیں ''ایکسپریس'' کو معلوم ہوا ہے کہ عدالت کی جانب سے ایک بااثر شخصیت کے ڈپلومہ آف کامرس کے سرٹیفکیٹ کو تصدیق کے لیے سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن بھجوایا گیا تھا اور ابتدا میں ناظم امتحانات قاضی عارف نے سرٹیفکیٹ کو بوگس قراردیتے ہوئے انتظامیہ کو آگاہ کیا ۔



ناظم امتحانات نے اس سلسلے میں متعلقہ کالج سے رابطہ بھی کیا جس پرمعلوم ہوا کہ سرٹیفکیٹ کا اندراج اس کالج میں موجود نہیں، ٹیبولیشن رجسٹر پر بعد میں سرٹیفکیٹ کی انٹری کی گئی ہے جب اس تمام صورتحال سے ناظم امتحانات کی جانب سے انتظامیہ کوآگاہ کیاگیا تو سابق ناظم امتحانات راشد عزیز اس معاملے میں کود پڑے اور سرٹیفکیٹ کی تصدیق کے لیے ناظم امتحانات پردباؤ ڈالاجب ناظم امتحانات دباؤ میں نہ آئے تو انتظامیہ پراثرورسوخ استعمال کیا گیا جس کے بعد انتظامیہ نے تاحال سرٹیفکیٹ کی تصدیق یاتردید نہیں کی۔

تاہم اسی اثنا میں بورڈ انتظامیہ نے معاملے کو چھپانے کے لیے اچانک تمام ملازمین و افسران پرذرائع ابلاغ سے رابطہ کرنے یا بات چیت پر پابندی عا ئد کردی ، اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ صرف راشد عزیز ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے لیے مجاز ہوں گے ، واضح رہے کہ مذکورہ سرٹیفکیٹ پر بحیثیت ناظم امتحانات راشد عزیزکے دستخط سے ہی جاری کیا گیا تھا '' ایکسپریس'' نے اس معاملے پر ناظم امتحانات قاضی عارف سے رابطہ کیا تو ان کاکہنا تھا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے ، بورڈ انتظامیہ کی جانب سے پابندی عائد کی گئی ہے۔

مقبول خبریں