18 سالہ دوشیزہ کے قتل کا ڈراپ سین، باپ اور بھائی ہی قاتل نکلے   

ویب ڈیسک  بدھ 13 فروری 2019
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا فوٹوفائل

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا فوٹوفائل

لاہور: مانگا منڈی میں نوجوان لڑکی کے غیرت کے نام پر قتل کا ڈراپ سین ہوگیا لڑکی کے والد اور بھائی ہی قاتل نکلے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں غیرت کے نام پر قتل ہونے والی 18 سالہ  لڑکی کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔ پولیس نے لڑکی کے قتل کے الزام میں باپ ذوالفقار اوربھائی ندیم کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے  لڑکی کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والا پسٹل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی ندیم نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ بد کرداری کے شبہ میں باپ ذوالفقار کے مشورہ سے بہن کو قتل کیا۔

واضح رہے کہ لڑکی کے قتل کو اس کے باپ اور بھائی نے ڈکیتی کا رنگ دیاتھا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔