ویمنزون ڈے رینکنگ؛ سدرہ امین اور ندا ڈار نے اونچی اڑان بھرلی

دبئی: ویمنز ون ڈے رینکنگ میں سدرہ  امین اور ندا ڈار نے اونچی اڑان بھر لی، دونوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف فتح گر پرفارمنس کا بھرپور صلہ مل گیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف آئی سی سی ویمنز ون ڈے چیمپئن شپ میں شاندار کامیاب کی بدولت پاکستانی پلیئرز کو بھی رینکنگ میں خوب ترقی ملی ہے۔

سیریز میں 2-1 کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے سدرہ امین کو 36 درجے ترقی نے 57 ویں نمبر پر پہنچایا، انھوں نے دو نصف سنچریوں سے آراستہ 148 رنز بنائے تھے جبکہ 110 رنز بنانے والی ندا ڈار 13 درجے پھلانگ کر55 ویں نمبر پر پہنچ چکی ہیں، ایک درجہ بہتری سے جویریہ خان اب 23 ویں نمبر پر پہنچ چکی ہیں۔

ادھر بولنگ چارٹ میں نشرح سندھوکو5 وکٹوں کے حصول پر 7 درجے ترقی نے 23 ویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔ اسی طرح 3 میچز میں 7 وکٹیں اڑا کر گرین شرٹس کی کامیابی میں حصہ ڈالنے والی ڈیانا بیگ کو بھی 5 درجے ترقی حاصل ہوئی، جس کی بدولت وہ اب 51 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔اسی سیریزمیں 5 وکٹیں لینے والی سینئر کھلاڑی ثنامیر نے ویمنز ورلڈ کرکٹ کی نمبر ون بولر کے اعزاز کو مزید مستحکم کیا ہے۔

دوسری جانب ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈینڈرا ڈوٹن کو تینوں شعبوں میں ایک ایک درجہ ترقی ملی جس سے وہ اب بیٹنگ میں 20 ویں، بولنگ میں 36 ویں اورآل راؤنڈرز میں نویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، کیریبیئن ویمنز کپتان اسٹیفنی ٹیلر نے  2 درجے بہتری سے آٹھویں پوزیشن پالی، بولرزمیں شکیرا سیلمین 8 درجے ترقی پاکر 26 ویں نمبر پر پہنچ چکی ہیں۔

علاوہ ازیں ٹیم رینکنگ میں پاکستانی خواتین سائیڈ ساتویں نمبرپرموجود جبکہ ٹاپ پرآسٹریلیا براجمان ہے۔