زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کی پھوپھی بھی دم توڑگئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 فروری 2019
28 سالہ بینا آئی سی یو میں زیرِ علاج تھی: فوٹو: فائل

28 سالہ بینا آئی سی یو میں زیرِ علاج تھی: فوٹو: فائل

 کراچی: زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق بچوں کی پھوپھی بھی نجی اسپتال میں جان کی بازی ہارگئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی کے نجی ریستوران نوبہارمیں کھانا کھانے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔  نجی اسپتال میں زیرعلاج جاں بحق بچوں کی پھوپھی بینا بھی جان کی بازی ہارگئی۔ 28 سالہ بینا آئی سی یو میں زیرِ علاج تھی جب کہ رات گئے طبیعت اچانک بگڑنے پروینٹی لیٹرپرشفٹ کیا گیا تھا۔

اس سے قبل جاں بحق بچوں میں ڈیڑھ سال کا عبدالعلی، 4 سال کا عزیزفیصل، 6 سال کی عالیہ، 7 سال کا توحید اور9 سال کی سلویٰ شامل ہے۔ ہفتے کی علی الصبح بچوں کی میتیں کراچی سے کوئٹہ منتقل کی گئیں جہاں سے ان کے جسد خاکی کوآبائی علاقے لے جایا گیا جہاں انہیں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔

ادھرپولیس نے بھی 18 افراد کوحراست میں لے کر تحقیقات کے لیے ایک ٹیم بلوچستان روانہ کردی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق ایف آئی آربھی درج کی جائےگی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی کراچی کے علاقے ڈیفنس فیزفورمیں واقع نجی ریسٹورنٹس سے کھانا کھانے کے بعد 2 بچوں اور والدہ کی طبیعت خراب ہوگئی تھی، بچوں اوران کی والدہ کونجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچے جانبرنہ ہوسکے اور دم توڑ گئے، ایک بچے کی عمر ڈیڑھ سال اور دوسرا 5 سال کا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔