مکلی سول اسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی بچی جاں بحق

ایمرجنسی وارڈ میں 6 گھنٹے تک کوئی ڈاکٹر نہیں پہنچا، ورثا ودیگر مریضوں کا شدید احتجاج


Nama Nigar August 01, 2013
واقعے کے خلاف لڑکی کے ورثا اور دیگر مریض سراپا احتجاج بن گئے۔

سول اسپتال مکلی میں ڈاکٹر کی عدم موجودگی پر معصوم بچی نے تڑپ تڑپ کر جان دیدی، ورثا کا احتجاج، ڈپٹی کمشنر کا واقعے کا نوٹس ۔

تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کے تعلقہ گھوڑا باری کے علاقے اڈیرو سے علی اکبر پاراڑی اپنی7 سالہ بچی حمیرہ کو علاج کے لیے سول اسپتال مکلی لے کر آیا، جہاں بچی کا بخار مسلسل بڑھتا گیا مگر ایمرجنسی وارڈ میں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا۔ بچی کی حالت مسلسل بگڑتی گئی، مگر 6 گھنٹے تک کوئی ڈاکٹر ڈیوٹی پر نہیں آیا جس پر حمیرہ نے تیز بخار میں تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔



واقعے کے خلاف لڑکی کے ورثا اور دیگر مریض سراپا احتجاج بن گئے انھوں نے لاش ایمرجنسی وارڈ کے باہر رکھ کر زبردست مظاہرہ کیا اور روڈ پر دھرنا دیا۔ ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ آغا شاہنواز بابر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مختیار کار ٹھٹھہ حفیظ میمن کو سول اسپتال انکوائری کے لیے بھیجا، جہاں مختیار کار نے احتجاج ختم کرایا اور مظاہرین کویقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ ڈاکٹروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے گی۔ واضح رہے کہ جب انکوائری آفیسر نے حاضری رجسٹر مانگا تو وہ بھی موجود نہیں تھا۔

مقبول خبریں