بھارت کی اپنے طیارے کی تباہی اور پائلٹ کی گرفتاری کی تصدیق

ویب ڈیسک  بدھ 27 فروری 2019
 تصدیق وزرات خارجہ کے ترجمان اور ایئر وائس مارشل نے مشترکہ پریس بریفنگ میں کی۔ فوٹو : اے این آئی

تصدیق وزرات خارجہ کے ترجمان اور ایئر وائس مارشل نے مشترکہ پریس بریفنگ میں کی۔ فوٹو : اے این آئی

نئی دلی: پاک فضائیہ کے منہ توڑ جواب اور پاک فوج کے ترجمان کے شواہد سے بھرپور پریس بریفنگ کے بعد بھارت اپنے طیارے کی تباہی اور پائلٹ کی گرفتاری کی تصدیق کرنے پر مجبور ہوگیا۔ 

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستان کے شاہینوں کے بھرپور جواب سے پریشان بھارت نے اپنے مگ 21 طیارے کی تباہی اور پائلٹ کی گمشدگی کی تصدیق کردی ہے۔ پاک فضائیہ کی کارروائی سے بھارت ’سرپرائز‘ رہ گیا تھا اور واقعے کے کئی گھنٹوں بعد میڈیا کا سامنا کرنے کے قابل ہوا۔

کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف بھارتی وزارت خارجہ نے اپنے عوام کو گمراہ رکھنے کی روایت برقرار رکھی اور اس بار بھی جھوٹ سے کام لیتے ہوئے صرف ایک طیارے اور ایک پائلٹ کی گمشدگی کی تصدیق کی جب کہ حقیقتاً پاک فضائیہ نے بھارت کے 2 طیاروں کو مار گرایا تھا اور دو پائلٹ پاک فوج کی تحویل میں ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں : گرفتار بھارتی پائلٹ کا اعترافی بیان سامنے آگیا

دوسری جانب گزشتہ روز بھارتی طیاروں کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر چیخ چیخ کر پروپیگنڈا کرنے والے بھارتی میڈیا کو آج سانپ سونگھ گیا ہے جب کہ بھڑکے مارنے والے مودی اور کابینہ وزراء بھی اسکرین سے غائب ہیں۔ یہاں تک کے پاکستان کی حراست میں اپنے 2 پائلٹ کی رہائی کے لیے بھی تاحال کوئی سفارتی قدم نہیں اُٹھایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔