آزاد ہوتا تو خود جے ایف تھنڈر اڑا کر دشمن کے طیارے گراتا، نواز شریف

ویب ڈیسک  جمعرات 28 فروری 2019
پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، سابق وزیراعظم فوٹو:فائل

پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، سابق وزیراعظم فوٹو:فائل

 لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اگر وہ آج آزاد ہوتے تو خود جے ایف تھنڈر اڑا کر دشمن کے طیارے گراتے۔

کوٹ لکھپت جیل لاہور میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے لیگی کارکنوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نور ہے اور نور کو زوال نہیں ہے، پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے، اگر آج باہر ہوتا اور طیارہ اڑانا ہوتا خود جے ایف 17 تھنڈر اڑا کر دشمن کے طیارے گراتا۔

نواز شریف نے اس موقع پر لاہور میں صفائی ستھرائی کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کچرے کا ڈھیر بن گیا ہے اور لوگ شہباز شریف کی حکمرانی کو یاد کررہے ہیں۔

ملاقات میں لیگی کارکن نے نواز شریف کو ان کی تعریف پر مشتمل شعر سناتے ہوئے کہا کہ جب زمیں بھر کے شراروں سے الجھتا ہے کوئی، بحر ظلمات کے دھاروں سے الجھتا ہے کوئی، ظلم کے راج دلاروں سے الجھتا ہے کوئی، ایسے جی دار کو نواز شریف کہتے ہیں۔

علاوہ ازیں ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق نواز شریف نے کہا ہے کہ وطن عزیز کے لئے ان کا خون بھی حاضر ہے اور ہر خدمت کے لئے تیار ہوں۔

نواز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہمیں پاکستان کو جوہری قوت بنانے کی توفیق دی اور اپنے شاہینوں کو جے ایف تھنڈر 17 کا تحفہ دینے پر فخر ہے، فوج اور عوام اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھتے اور شہادت کے جذبے سے لیس ہیں، خون بہنے سے پہلے میز پر بیٹھنا دانشمندی ہے بعد میں نہیں، جو وار کرے گا، سخت پچھتائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔