کراچی میں مریضوں کو اسپتال پہنچانے کیلیے مفت ایمبولینس سروس شروع

طفیل احمد  بدھ 6 مارچ 2019
امن فاؤنڈیشن سے معاہدہ، آنے جانے کے اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

امن فاؤنڈیشن سے معاہدہ، آنے جانے کے اخراجات سندھ حکومت برداشت کرے گی۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی:  حکومت سندھ نے امن فاؤنڈیشن سے ایک معاہدے کے تحت پہلی بار کراچی میں مفت ایمبولینس سروس شروع کردی ہے۔

ایمبولینس کی سہولت حاصل کرنے کیلیے اب امن فاؤنڈیشن کوئی معاوضہ مریض سے نہیں لے گی بلکہ اس آپریشن کے لیے آنے والے اخراجات حکومت سندھ برداشت کرے گی۔ اس سلسلے میں ابتدا میں حکومت سندھ نے امن فاؤنڈیشن کی 60ایمبولینس کی خدمات کے لیے معاہدہ کیاہے اس معاہدے کے بعد اب کوئی بھی صارف امن فاؤنڈیشن کے فون نمبر1021پرفون کرکے ایمبولینس کی سہولت حاصل کی جاسکتی ہے۔

کراچی میں امن فاؤنڈیشن کی ایمبولینس کومریضوں کیلیے مفت کرنے کیلیے پہلی بار اقدامات کیے گئے ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ہر ایک لاکھ افراد پر ایک ایمبولینس لازمی ہوتی ہے مگرکراچی کی آبادی کے لحاظ سے صورتحال مختلف ہے۔

کراچی میں ہر 3لاکھ افراد پر ایک ایمبولینس کی سہولت میسر ہے، اس حوالے سے حکومت سندھ نے کراچی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنت شپ کے تحت امن فاؤنڈیشن کی 200 مزید ایمبولینس سروسزکی خدمات لینے کا فیصلہ کیا ہے، ابتدائی طورپر 60 بعدازاںرواں سال کے اختتام تک کراچی میں مزید140 ایمبولینس چلائی جائیں گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔