برونا نئی فلم میں جینیلیا ڈی سوزا کا کردار نبھانے کیلیے تیار

اداکارہ فلم ’’گرینڈ مستی ‘‘میں بالی ووڈ اسٹار رتیش دیش مکھ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی ، ویوک اوبرائے۔۔۔


Showbiz Desk August 06, 2013
ہندی فلم میں لیڈنگ رول سے خود سے گریز کرتی رہی ہوں ، ہندی زبان پر عبور حاصل کیے بغیر ہندی فلم میں بڑا کردار لینا ناانصافی ہے ،26سالہ اداکارہ ۔ فوٹو : فائل

بالی ووڈ اداکارہ برونا عبداللہ نئی فلم ''گرینڈ مستی'' میں اداکار رتیش دیش مکھ کے ساتھ جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔

یہ فلم ''مستی ''کا سیکوئل ہے اور اداکارہ برونا عبداللہ کو جلینیا ڈی سوزا کی جگہ کاسٹ کیا گیا ہے۔ اداکارہ برونا عبداللہ نے فلم''گرینڈ مستی ''میں جلینیا ڈی سوزا کا کردار نبھایا ہے۔ ہدایت کار اندراکمار کی کامیڈی فلم میںبرونا عبداللہ کیساتھ رتیش دیش مکھ کے علاوہ ویوک اوبرائے ،آفتاب شیودیسانی ،مریم ذکریا ،سونالی کولکرنی، کرشمہ تانا، کائنات اروڑہ ،سریش مینن ،پردیپ روات اور چاندی پریرا بھی جلوہ گرہورہے ہیں۔فلم کے پروڈیوسر اشوک اور خود ہدایت کار اندراکمارہیں ۔فلم کا میوزک آنند راج آنند نے تیار کیا ہے۔ اداکارہ نے قبل ازیں اداکارہ برونا عبداللہ نے فلم ''آئی ہیٹ لو اسٹوری ''میں مختصر کردار نبھایا ،عرب آسٹریلوی نژاد اداکارہ برونا عبداللہ نے اس سے بھی پہلے فلم ''کیش ''کے آئٹم نمبر ''رحم کرو''میں جلوے دکھائے مگر اداکارہ برونا عبداللہ کی فلم ''گرینڈ مستی ''میں لیڈنگ لیڈی رول ہے ۔

اداکارہ برونا عبداللہ نے کہا کہ کسی بھی ہندی فلم میں لیڈنگ رول سے میں خود سے گریز کرتی رہی ہوں کیونکہ میں یہ بات اچھی طرح جانتی ہوں کہ جب تک کسی بھی فنکار کو ہندی زبان پر عبور حاصل نہیں ہوجاتا اس وقت تک کسی بھی ہندی فلم میں کردار نبھانا ناانصافی ہے ۔اس اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے میں نے ہندی سیکھنے کا عزم کیا اور پھر طویل عرصہ تک یہ زبان سیکھنے میں صرف کردیا ،اہم کردار سائن کرنے سے قبل ہندی کو جاننا ضروری تھا اسی لیے میں نے اب جاکر لیڈنگ رول کی آفر قبول کرلی ہے تاہم سیکھنے کا عمل جاری رہتا ہے اور' زیرو ایرر' کوئی نہیں ہوتا۔ اداکارہ برونا عبداللہ نے کہا کہ ہندی سیکھنے کے لیے وقت بھی نکالنا پڑا۔کافی محنت کرنا پڑی ہے ۔26سالہ بالی ووڈ اداکارہ برونا عبداللہ نے بتایا کہ گرینڈ مستی فلم مستی کا سیکوئل ہے۔اس فلم میں مجھے رتیش دیش مکھ کے مدمقابل ہیروئن کاسٹ کیا گیا۔

اداکارہ اس فلم میں وہی کردار نبھائیں گی جو 2004 میں جلینیا ڈی سوزا نے نبھایا تھا ۔2012میں اگست کے پہلے ہفتے سے اس فلم کی شوٹنگ کا آغاز کیا گیا ۔اسی دور میں اداکار رتیش دییش مکھ کے والد کی کی بیماری اور ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر کچھ عرصہ کے لیے فلم کی شوٹنگ ملتوی کرنا پڑی ۔اس حوالے سے فلم کی تکمیل کے مراحل میں بھی تاخیر ہوئی اور پھر فلم کی ریلیز کی تاریخ بھی آگے ہوتی گئی ۔اب یہ فلم ریلیز کے لیے تیار ہے ۔اداکارہ برونا عبداللہ نے کہا کہ اداکاری شوق سے کرتی ہوں اور اپنے کام کی سمجھ رکھتی ہوں۔ اداکارہ نے اس سے پہلی فلم میں جیلینیا ڈی سوزا کے کام کو دیکھا ہے اور پھر اس فلم میں ڈی سوزا کے کردار کو نبھانے کے لیے آڈیشن بھی دیا ۔انھوں نے مزید کہا کہ جیلینیا کا فلم میں کردار ان کے مزاج کے برعکس تھا اور وہ اسے کرنے کے دوران مشکل کا بھی شکار ہوئی ہونگی ۔



انھوں نے بتایا کہ آئٹم سانگ کے حوالے سے بھی میری بھرپور تیاری ہے پہلے بھی دو آئٹم سانگ کرچکی ہوں اور آئندہ بھی کسی ایسے گیت پر پرفارم کرنے کی پیشکش ہوئی جو مجھے پسند آئے گا تو پھر میں آئٹم سانگ بھی ضرور کروں گی ۔اداکارہ برونا عبداللہ نے کہا کہ آنیوالی فلموں میں اب بڑے اسٹارز کیساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ فلموں میں عمدہ پرفارمنس سے اپنے اداکاری کی دھاک بٹھاؤں گی تو دوسری طرف آئٹم سانگ سے بھی دھوم مچاؤں گی۔ اداکارہ نے کہاکہ آنیوالی فلموں میں مزید بہترپرفارم کرنے کا ارادہ رکھتی ہوں ۔ انھوں نے کہا کہ بالی ووڈ میں کسی کی سفارش پر نہیں بلکہ میرٹ پر بڑے کردار حاصل کررہی ہوں ،حالانکہ عمومی طور پر یہی ہوتا ہے کہ کسی نے تجویز کردیا اور پھر اداکارہ نے کام شروع کردیا ۔

لیکن یہاں ایسا معاملہ نہیں ہمیں باقاعدہ امتحان دینا پڑے ہیں اور امتحانوں میں کامیابی کے نتیجے میں بڑے کردار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہوں ۔واضح رہے کہ 24 اکتوبر 1986کو برازیل کے علاقے پورٹو میں برازیلی باپ اورعرب ماں کے گھر پیدا ہونیوالی برونا عبداللہ نے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا ۔ممبئی میں قیام کے دوران برونا عبداللہ کی نظریں بالی ووڈ پر جم گئیں اور انھوں نے شکھیر سمن کی البم ''میرے غم کے دائرے میں ''پر ماڈلنگ کی۔اس طرح ان کی یہ پہلی وڈیو منظر عام پر آئی۔ اس کے بعد برونا عبداللہ نے ماڈلنگ میں ٹی وی اور کمرشلز کے لیے پرفارم کیا۔

برونا عبداللہ نے آئٹم سانگ سے فلم میں قدم رکھدیا اس کے بعد کئی فلموں میں چھوٹے موٹے کردار کرنے کے بعد انھیں بڑے کردار کی پیشکش ہوئی جس میں انھوں نے اپنا کام کیا ہے۔ اداکارہ برونا عبداللہ کی پرفارمنس سے کو بالی ووڈحلقوں میں سراہا گیا ہے۔ان کی نئی فلم 13ستمبر کو سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی ۔جس پر ان کے مستقبل کے حوالے سے بھی اہم پیشرفت ہوسکے گی ۔تاہم بالی ووڈ نقادوں نے ان کی آنیوالی فلموں سے اچھی توقعات وابستہ کرلی ہیں ۔

مقبول خبریں