ضلع عمر کوٹ کو پولیو فری بنانا ترجیح ہے ڈپٹی کمشنر

ٹیموں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا، ندیم الرحمن میمن کا اجلاس سے خطاب


Nama Nigar August 16, 2013
مہم کے دوران 166032 بچو ں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ فوٹو: فائل

ضلع عمرکوٹ میں 19 سے 21 اگست تک پولیو کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے گی۔

اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو مہم قومی فریضہ ہے، اس میں تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع عمرکوٹ کو پولیو فری بنانے کیلیے موثر اقدام کیے جائیں، تاکہ مستقبل کے نونہالوں کو اس موذی مرض سے بچایا جا سکے۔ ضلع میں پولیو سے بچاؤکے قطرے پلانے والی ٹیموں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائیگی۔ مہم کے دوران 166032 بچو ں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام داخلی راستوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور ان راستوں پر پولیو ٹیموں کو فول پروف سیکیورٹی اور سواری فراہم کی جائے تاکہ وہ گھر گھر جا کر 5 سال تک کے بچوں کو آسانی کے ساتھ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا سکیں۔



انہوں نے کہا کہ باہر سے آنے والے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائے جائیں اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کے بچوں کو پولیو ویکسین سے متعلق مکمل آگاہی دی جائے۔ اس موقع پر ایس ایس پی قمرالزمان جسکانی نے کہا کہ قومی پولیو مہم کی کامیابی سب کا فرض ہے جو ٹیمیں دور دراز علاقوں میںمہم کے سلسلے میں جائیں گی انھیں پولیس سیکیورٹی اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر فرید احمد ہنگورجو نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 113 موبائل ٹیمیں، 16 فکس ٹیمس،27 ٹرانزینٹ ٹیم، 06 یوسی میڈیکل آفیسر /یوسی انچارج، تعلقہ سپروائزر 3، ایریا انچارج 29، موبائل موٹر سائیکل 35 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ڈی ای او ایجوکیشن، ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، انفارمیشن آفیسر شہزاد احمد شیخ، ڈاکٹرز، رفیق احمد، عوامی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

مقبول خبریں