کینیڈین ماڈل کو ہراساں کرنے والے ملزمان رہا

ویب ڈیسک  جمعـء 19 اپريل 2019
 خاتون کی جانب سے تحریری طور معافی لکھ کر پولیس کے حوالے کردی گئی فوٹوفائل

خاتون کی جانب سے تحریری طور معافی لکھ کر پولیس کے حوالے کردی گئی فوٹوفائل

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں کینیڈین ماڈل کو ہراساں کرنے والے دونوں نوجوانوں کو رہا کردیا گیا۔

گزشتہ روزوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کینیڈین خاتون اسما گلوٹہ کو ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے اوباش نوجوانوں حمزہ اور انس کو پولیس نے گرفتار کرلیا تھا تاہم کینیڈین خاتون نے دونوں نوجوانوں کو معاف کردیا جس کے بعد پولیس نے نوجوانوں کو ضمانت پر رہا کردیا۔

ملزمان اور ان کے اہل خانہ نے تھانہ میں جاکر کینیڈین خاتون سے معافی مانگی جس کے بعد خاتون نے نوجوانوں کو معاف کیا۔ پولیس کے مطابق خاتون کی جانب سے معافی قبول کرنے پر ملزمان کو ضمانت پررہا کیا گیا۔ ایس پی رورل کا مزید کہنا ہے کہ نوجوانوں کے خلاف قابل ضمانت دفعات تھیں اس لئے انہیں ضمانت پررہا کیا گیا۔ جب کہ خاتون کے کہنے پر ملزمان کی معافی کی باقاعدہ ویڈیو بنائی گئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  کینیڈین ماڈل کو ہراساں کرنے والے ملزمان گرفتار

دوسری جانب ہراسانی کا شکار ہونے والی کینیڈین خاتون نے ملزمان کی معافی کی ویڈیو بنوانے کے حوالے سے کہا کہ ملزم نے سرعام معافی مانگی، میں چاہتی ہوں آئندہ کوئی مرد کسی خاتون کو تنگ نہ کرے اس لئے ویڈیو بنوائی۔

واضح رہے کہ منگل کے روزحمزہ سہیل اور انس کامران نامی دونوجوانوں نے اسلام آباد میں کینیڈین خاتون کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی اوران کا پیچھا کیا بلکہ انہیں ہراساں  بھی کیا، جس کے بعد خاتون نے دونوں نوجوانوں کے خلاف وزیراعظم کے شکایات پورٹل  پر شکایت درج کرائی تھی جس پر دونوں اوباش نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔