مودی سرکار کی انتخابی چال، بھارتی پائلٹ ابھی نندن مقبوضہ کشمیر کے اہم سیکٹر میں تعینات

ویب ڈیسک  اتوار 21 اپريل 2019
مودی سرکار نے سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے ابھی نندن کا نام اور تصویر بھی استعمال کرنے کی کوشش کی۔ فوٹو :

مودی سرکار نے سیاسی فائدہ اٹھانے کے لیے ابھی نندن کا نام اور تصویر بھی استعمال کرنے کی کوشش کی۔ فوٹو :

نئی دلی:  بھارت نے پاک فضائیہ کے ہاتھوں گرفتار ہونے اور پھر جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا ہونے والے اپنے پائلٹ ابھی نندن کو مقبوضہ کشمیر کی اگلی فضائی سرحدوں پر بھیج دیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی فضائیہ نے پائلٹ ابھی نندن کو مقبوضہ کشمیر کی اگلی فضائی سرحدوں پر تعینات کر دیا ہے۔ ابھی نندن کی تعیناتی مغربی سیکٹر میں واقع بھارتی فضائیہ کے بیس میں کی گئی ہے۔ ابھی نندن کا نام ویر چکڑا کے لیے بھی تجویز کیا ہے، ویر چکڑا بھارتی فوج کا تیسرا بڑا فوجی اعزاز ہے۔

بھارتی پائلٹ کو پاک فضائیہ کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے طور پر یکم مارچ کو واپس بھارت بھیج دیا تھا تاہم اس وقت ابھی نندن کا نامناسب طریقے سے استقبال کیا گیا تھا۔ بعد ازاں بھارتی پائلٹ کو جبری تعطیلات پر بھیج دیا گیا جس پر ابھی نندن اپنی ملازمت کی بحالی کے لیے کافی پریشان بھی تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں : گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کردیا گیا

بھارت میں عام انتخابات کے مراحل جاری ہیں اور مودی سرکار ابھی نندن پر سیاسی فائدہ اُٹھانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتی، فوجیوں کے نام اور تصاویر کے استعمال پر الیکشن کمیشن کی جانب سے پابندی کے بعد ابھی نندن سے مشابہت رکھنے والے شخص کو انتخابی مہم میں استعمال کیا گیا اور اب ابھی نندن کی ملازمت پر بحالی اور اہم بیس پر تعیناتی بھی ہندو ووٹرز کی ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔