کترینہ بھی آؤٹ دیپکا پڈوکون نے ’’دوستانہ ٹو‘‘ میں پریانکا کی جگہ لے لی
بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈو کون کو نئی فلم ’’دوستانہ ٹو ‘‘کے لیے لیڈنگ لیڈی رول کے لیے حتمی طور پر منتخب کرلیا گیاہے۔
اس فلم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار اداکروں گی ۔ فوٹو: فائل
بالی ووڈ اداکارہ دیپکا پڈو کون کو نئی فلم ''دوستانہ ٹو ''کے لیے لیڈنگ لیڈی رول کے لیے حتمی طور پر منتخب کرلیا گیاہے۔
قبل ازیں فلم ''دوستانہ ''میں پریانکا چوپڑا نے لیڈنگ لیڈی رول کیا تھا ۔فلمساز کرن جوہر کی یہ فلم 2008کی ''دوستانہ ''کا سیکوئل ہے جس میںاب پریانکا کی جگہ دیپکا پڈوکون نے لے لی ہے ۔اس کے لیے دیپکا سے پہلے یہ پریانکا چوپڑا کا اس کردارکے لیے کترینہ کیف کو کاسٹ کیا گیا تھا تاہم ان کی جگہ پھر دیپکا پڈوکون نے لے لی ۔ایسا کوئی پہلی بار نہیں ہوا ،فلم ''یہ جوانی ہے دیوانی ''میں بھی رنبیر کپور کے مدمقابل پہلے کترینہ کیف کو ہی کاسٹ کیا گیا تھا مگر ان کی جگہ بعد ازاںدیپکا پڈوکون نے لی ۔اب نئی فلم ''دوستانہ ٹو''کی حتمی ٹیم میں دیپکا اہم کردار میں جلوہ گرہونے کے لیے تیار ہیں ۔اس فلم کے سیکوئل میں کچھ نئے چہرے بھی متعارف کرائے جارہے ہیں تاہم ان کے ساتھ ابھیشک بچن اور جان ابراہم پہلے کی طرح پھر سے اپنے کردار نبھانے کے لیے تیار ہیں۔
اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ اس فلم میں ارجن رامپال اور رتیش دیش مکھ بھی اہم کرداروں میں جلوہ گر ہورہے ہیں ۔ہدایت کار ترون کی فلم کے لیے میوزک شنکر احسان لوئے نے تیار کیا ہے ۔فلم میں جوزف جے اسمتھ نئی دریافت ہونگے ۔فلم کی شوٹنگز کے لیے میامی تا لندن کے دوران لوکشینز کو فائنل کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے ۔فلم کی پری پروڈکشن کا کام شروع کیا جاچکا ہے جب کہ اس فلم کو 2014 ء کے وسط میں سینماگھروں کی زینت بنایا جائے گا۔ فلم کی کہانی خود فلمسازکرن جوہر نے لکھی ہے ۔اس فلم کے حوالے سے فلمساز کرن جوہر نے 16فروری 2013کو فنکاروں کے نام اور سیکوئل بنانے کا اعلان کیا ،اس وقت ابھیشک بچن اور جان ابراہم کو اپنا کام شروع کرنے اور فلم کے لیے تاریخیں دینے کے لیے کہا گیا ۔
بعد ازاں ابھیشک بچن نے بتایا کہ فلم کی شوٹنگ کا رواں سال ہی آغاز کیا جائے گا ۔اور یہ بھی بتایا کہ دیپکا پڈوکون کو فلم میں لیڈنگ لیڈی رول مل گیا ہے۔ اس بات کی پھر کرن جوہر نے بھی تصدیق کردی ،کرن جوہر کی 2008 کے دوران ریلیز ہونے والی پہلی فلم ''دوستانہ ''بڑی کامیاب رہی تھی اور اب انھوں نے ''دوستانہ ٹو ''کی بڑی کامیابی کے لیے بہت کچھ کیا ہے اور اس فلم سے بجا طور پر بڑی توقعات بھی وابستہ کرلی ہیں ۔ادھر اداکارہ دیپکا پڈوکون نے کہا ہے کہ کرن جوہر عمدہ فلمیں بنارہے ہیں اور اب انھوں نے 2014کے لیے بھی شاہکار فلم بنانے کی پوری طرح سے تیاری کرلی ہے ۔کہانی، اسکرپٹ ،میوزک اور فنکاروں کے اعلیٰ انتخاب سمیت ہر طرح سے عمدہ فلم بنانے کے اسباب پیدا کرلیے گئے ہیں ۔

اس فلم کی رواں سال تیاریوں کے آغاز سے ہی اس بات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ ہدایت کار ترون اور فلمساز کرن جوہر کے تال میل سے بڑی خوبصورت فلم تیارہورہی ہے ۔اس فلم کے حوالے سے میں نے کہانی کا بھی جائزہ لیا اور اپنے کردار کا بھی مطالعہ کرچکی ہوں اس فلم کسی بھی فنکار کو اظہار کے لیے بہت کچھ ہے ۔اس لیے اس کردار کو خوبی سے نبھانے کے لیے تیاری کررہی ہوں۔ انھوں نے بتایا کہ فلم کی ناکامی کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی ۔انھوں نے کہا کہ فلم کی بڑی کامیابی کے لیے بجا طور پر زیادہ توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں ۔اداکارہ دیپکا نے کہا کہ اپنی پرفارمنس کو عمدہ انداز میں پیش کرکے فلم کی کامیابی میں اپنا بھرپور کردار اداکروں گی ۔27سالہ بالی وڈ اداکارہدیپکا پڈوکون نے کہا ہے کہ اب تک جو بھی کام کیا ہے اس سے بہت خوش ہوں اور اپنی پرفارمنس کو بہتر بنایا ہے۔
اداکارہ دیپکا پڈو کون نے کہا کہ آنیوالی فلموں میں اپنے کردار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اسی طرح محنت کرتی رہوں گی ۔بالی وڈ کی ایک کامیاب اداکارہ ہوں، مجھے اس بات کا احساس ہے اور اب اپنی اسی ساکھ کو بھی برقرار رکھنا چاہوں گی۔ انھوں نے کہا کہ قلیل عرصے کے دوران بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے ،خود کو اس حوالے سے بھی خوش قسمت سمجھتی ہوں۔ انھوں نے کہا کہ کام کے حوالے سے میرا اپنا معیار بہت سخت ہے اور اپنی پرفارمنس سے جلدی مطمئن نہیں ہوتی ہوں، جب تک میں خود اپنے کام سے مطمئن نہ ہوجائوں کسی طور اسے فائنل نہیں کرتی ، میں اپنے کام کو بہت اہمیت بھی دیتی ہوں ،انھوں نے کہا کہ نئی فلموں میں نئے انداز اپنائوں گی اور گیتوں پر پرفارمنس کا جادو بھی چلائوں گی ۔انھوں نے کہا کہ اپنے کام کو مزید بہتربنانے کے لیے کوشاں رہتی ہوں اور نئے چیلنج کے لیے بھی خود کو تیار رکھتی ہوں ۔
انھوں نے کہا کہ روٹین کے کام کرنیے سے فارغ رہنے کو ترجیح دینے کی بھی قائل ہوں ۔واضح رہے کہ 5جنوری 1986کو کوپن ہیگن ڈنمارک میں بیڈ منٹن کے سابق عالمی کھلاڑی پرکاش پڈوکون کے گھر پیدا ہونے والی دیپکا پڈوکون نے فلمی سفر کا آغاز 2006کے دوران سائوتھ کی کناڈا فلم ''ایشوریہ ''میں پرفارم کرکے کیا ۔اسی سال اداکارہ نے میگا اسٹار فلم ''اوم شانتی اوم'' میں لیڈنگ لیڈی رول کیا ۔اس فلم نے باکس آفس پر دھوم مچادی۔ انھیں عمدہ اداکاری پر فلم فیئر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا ۔بطور ماڈلنگ بھی بڑی عمدہ بگننگ ہوئی۔ کئی کمرشلز سے شہرت ملی۔ 2009میں فلم ''لو آج کل'' 2010کے دوران کامیڈی فلم ''ہائوس فل'' 2012 میں رومانوی فلم ''کاک ٹیل'' اور 2013 میں ان کی فلم ''یہ جوانی ہے دیوانی ''اور حال ہی میں شاہ رخ کے ساتھ فلم ''چینائی ایکسپریس'' نے سلور اسکرین پر دھوم مچائی ۔دیپکا آنیوالی فلموں میں بھی میگا اسٹارز کے ساتھ جلوہ گرہورہی ہیں ۔ان کی کامیابیوں کے راستے ہموار ہورہے ہیں ۔