آتش بازیاں جو دکھائی نہیں سنائی جاتی ہیں

ایک چھوٹا سا نقطہ فضاء میں بلند ہوتا ہے اور اوپر جا کر فضا کو گل و گلزار بنا دیتا ہے.


Saad Ulllah Jaan Baraq August 23, 2013
[email protected]

ہمارے ہاں تو اب سیاست کی مہربانی سے ہوشربا گرانی سے اور امریکا کی نگرانی سے تقریباً ہر اس چیز کو گہن لگ چکا ہے جس کا روشنی سے کوئی بھی تعلق بنتا ہو چنانچہ وہ آتش بازیاں صرف ٹی وی پر دیکھنے کو ملتی ہیں جو خوشی کے مواقع پر ماحول کو منور کر دیا کرتی تھیں ،کیا نظارہ ہوتا ہے۔

ایک چھوٹا سا نقطہ فضاء میں بلند ہوتا ہے اور اوپر جا کر فضا کو گل و گلزار بنا دیتا ہے، ایسا لگنے لگتا ہے کہ یا تو ہم بہت زیادہ ''بالغ'' ہو گئے ہیں، اس لیے اس قسم کی بچگانہ خوشیوں کو چھوڑ چکے ہیں اور یا بہت ہی زیادہ ''نابالغ'' ہو گئے ہیں کیونکہ نابالغ بچوں کو آگ اور روشنی سے دور رکھا جاتا ہے، عین ممکن ہے کہ کسی دن یہ خبر بھی آ جائے کہ ماچس پر پابندی لگ گئی ہے کیونکہ اس سے آگ لگنے کا ''خطرہ'' ہوتا ہے، شاید آپ سوچ رہے ہوں کہ آج تک ہم بچوں جیسی باتیں کرنے لگے ہیں اور آپ کچھ زیادہ غلط سوچ بھی نہیں رہے ہیں، بوڑھے بھی تو بچوں کے مصداق ہو جاتے ہیں، اگر بچے نہیں ہوتے تو بچوں کے ستائے ہوئے تو ہوتے ہیں۔

گو واں نہیں پہ واں کے نکالے ہوئے تو ہیں

کعبے سے ان بتوں کو بھی نسبت ہے دور کی

لیکن پھر جب ہم نے گہرائی میں سوچا تو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا، آتش بازیاں تو واقعی خطرناک ہوتی ہیں، طرح طرح کے نقصانات کا اندیشہ ہوتا ہے، یہ صرف نادانوں کا کام ہے، ہم جیسے ''بالغوں'' کا نہیں، اور اس سے ایک بڑا دل خوش کن انکشاف ہم پر یہ ہوا کہ واقعی اب ہم بڑے بلکہ بہت بڑے ہو چکے ہیں کیونکہ غالبؔ نے بھی کچھ ایسا ہی کہا ہے کہ:

قطرہ میں دجلہ دکھائی نہ دے اور جزو میں کل

کھیل لڑکوں کا ہوا دیدۂ بینا نہ ہوا

خود کو تھوڑا سا ٹٹولا تو پتہ چلا کہ ہم یونہی کڑھ رہے تھے، ہمارے پاس تو ''دیدہ بینا'' بھی ہے، اس دیدہ بینا کو وا کیا تو حیران ہو گئے ،کون کہتا ہے کہ ہمارے ہاں آتش بازیاں نہیں ہوتیں، اب بھی بڑے زوروں کی آتش بازیاں چل رہی ہیں لیکن ان کو دیکھنے کے لیے دیدہ بینا کو کھولنا پڑتا ہے،

اٹھو دیکھ زمین دیکھ فلک دیکھ فضاء دیکھ

مشرق سے ابھرتے ہوئے سورج کو ذرا دیکھ

فرق یہ ہے کہ دوسرے ملکوں میں بدستور وہی پرانی بچوں والی آتش بازیاں چھوڑی جاتی ہیں لیکن ہم ذرا زیادہ بالغ ہیں اس لیے ہم آتش بازیاں بھی بالغوں والے چھوڑ رہے ہیں، ذرا ہر صبح کا اخبار اٹھا کر دیکھئے کیا زبردست آتش بازیاں چھوڑی گئی ہوتی ہیں، کوئی نئے پاکستان کی رنگ برنگی آتش بازی چھوڑ رہا ہے کوئی جمہوریت کے پٹاخے دار آتش بازیاں چھوڑ رہا ہے کوئی دو رنگی آتش بازیاں بھی چھوڑتا ہے جس میں آدھے رنگ دنیاوی اور آدھے رنگ دینی ہوتے ہیں اور وزیر مشیر کبیر، وہ تو ایسی ایسی چھوڑتے ہیں کہ چھوٹے بڑے تالیاں بجائے بغیر رہ نہیں پاتے ایسا لگتا ہے کہ

جگنو میاں کی دم جو چمکتی ہے رات کو

سب دیکھ دیکھ کر اس کو بجاتے ہیں تالیاں

آتش بازی ہوتی کیا ہے یہی کہ شرر کر کے اوپر جاتی ہے چند ثانئے ٹھہر کر پھٹتی ہے اور فضاء میں طرح طرح کے ستارے پھیل جاتے ہیں اور پھر بجھ جاتے ہیں یہ بیانات بھی اتنی دیر کے لیے ہوتے ہیں جب تک دوسری آتش بازی آ کر نئے ستارے نہیں چھوڑتی

در ہوا چندے معلق زنی و جلوہ کنی

اے کبوتر نگراں باش کہ شاہیں آمد

مطلب یہ کہ ہر آتش بازی کے کبوتر کی عمر دوسری آتش بازی کے آنے تک ہوتی ہے وہ بچوں والی آتش بازی چند لمحے ہوا میں جلوے دکھاتی ہے لیکن یہ ہماری بالغوں والی آتش بازیاں دوسرے دن کا اخبار آنے تک قائم رہتی ہیں

پر تو خور سے ہے شبنم کو فنا کی تعلیم

ہم بھی ہیں ایک عنایت کی نظر ہونے تک

آج کل بھی یہ آتش بازیاں بڑے زوروں سے چھوڑی جا رہی ہیں کیونکہ پرانے طائفے کی آتش بازیاں ختم ہو ئی تھیں اور نئے آتش باز گروپوں کی باری آ گئی، ظاہر ہے کہ نیا آتش بازی گروپ تماشائیوں پر اپنا رنگ تو جمائے گا ہی ۔۔۔ چنانچہ بڑے زوروں کی چھوڑی جا رہی ہیں۔ ہر ''آتش باز'' کے پاس ایک سے بڑھ کر ایک آتش بازی موجود ہے چنانچہ سیاسی آسمان کو ذرا غور سے دیکھئے تو ایک دوسری کو کاٹتی ہوئی چھوڑتی ہوئی اور بجھاتی ہوئی نئی نئی آتش بازیاں چلائی جا رہی ہیں

یک الف بیش نہیں فرصت ہستی غافل

گرمیٔ بزم ہے اک رقص شرر ہونے تک

ہم چونکہ بچپن ہی سے آتش بازیاں دیکھنے کے شوقین رہے ہیں اور پھر بزرگوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بچے اور بوڑھے ایک جیسے ہوتے ہیں اور اوپر سے اپنے یہاں وہ بچوں والی آتش بازیاں آج کل ہوتی بھی نہیں ہیں کیوں کہ اب ہم بالغ ہو گئے ہیں، اس لیے اپنا شوق پورا کرنے کے لیے یا تو ٹی وی پر آتش بازیاں دیکھتے ہیں ۔۔۔ وہ آتش بازیاں نہیں جو آپ سمجھ رہے ہیں جو دوسرے ملکوں کی تقریبات میں ہوتی ہیں اور ٹی وی پر دکھائی جاتی ہیں وہ بچوں والی آتش بازیاں ہوتی ہیں ہم ٹی وی پر ان آتش بازیوں کی بات کر رہے ہیں جن کو ٹی وی کی اصطلاح میں بریکنگ نیوز کہا جاتا ہے۔ ان آتش بازیوں کے لیے ٹی وی والوں نے نہایت ہی ماہر ترین ''چھوڑو'' رکھے ہوئے ہیں جن میں سے اکثر تو ''ڈساور'' سے ''چھوڑنے'' کی ڈگریاں لے کر آئے ہوئے ہیں۔

ان کا کمال یہ ہوتا ہے کہ ''آدم و حوا'' کی کہانی کو بھی بریکنگ نیوز بنا سکتے ہیں۔ مثلاً ۔۔۔۔ آج یہاں مٹی کے ایک پتلے میں جان پڑ گئی، باخبر ذرایع سے پتہ چلا ہے کہ نومولود کا نام ''ایڈم'' رکھا گیا ہے اگر آپ کو یاد ہو تو سب سے پہلے ہمارے چینل ''ہواں سے ہیاں تک'' نے یہ بریکنگ نیوز دی تھی کہ اگلے چند دنوں میں یہاں کچھ نیا ہونے والا ہے، کیمرہ مین ٹھوکو کے ساتھ چھوڑو نمبر ون، چینل ہیاں سے ہواں نیوز، ظاہر سی بات ہے کہ ایسے ایسے بریکنگ نیوز میں وزیروں کی آتش بازیاں تو سب کی سب بریکنگ نیوز میں آتی ہیں، مثلاً وزیر خرافات نے آج یہاں ایک پُر ہجوم نیوز کانفرنس میں انکشاف کیا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے، وزیر فضولیات نے اراکین پارلیمنٹ کو بتایا کہ ان کے معاوضے ڈبل کر دیے گئے تاحیات مراعات کا دائرہ بیوی بچوں سے گزر کر سالے سالیوں تک پھیلا دیا گیا ہے

دل سے تری نگاہ جگر تک اتر گئی

دونوں کو اک ادا میں رضامند کر گئی

یہ تو عام درجے کی بریکنگ نیوز تھیں خاص الخاص اور تازہ بتازہ بریکنگ نیوز تو ابھی ہم نے بتائی ہی نہیں، وہ الگ باندھ کے رکھا ہے جو مال اچھا ہے۔ یہ خاص الخاص قسم کی بریکنگ نیوز ایک خاص قسم کی تکنیک سے چلتی ہے۔ عام آتش بازیاں تو چھوڑی جاتی ہیں پھٹتی ہیں اور پھر جلوہ دکھا کر غائب ہو جاتی ہیں لیکن یہ بریکنگ نیوز ایک پٹی میں پروئی ہوئی مسلسل جلوہ دکھاتی ہیں۔ ملاحظہ فرمایئے، لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ قیامت سے پہلے ہی ہو جائے گا (وزیر بجلی)، روپیہ ایک دو صدیوں میں ڈالر کے برابر آ جائے گا (وزیر خزانہ)، کشمیر کو اپنی جگہ سے کسی کا باپ بھی نہیں ہلا سکتا (وزیر خارجہ)، ملک میں اس وقت مثالی امن و امان قائم ہے (وزیر داخلہ)، حکومت اپوزیشن کو ٹھینگے پر رکھتی ہے (وزیراعظم)، امریکا ہمارا سچا دوست ہے (وزیر بیانات)، چین ہمارا بھائی ہے (وزیر چینی) لیکن آتش بازیاں صرف یہ نہیں ہوتیں بلکہ وہ بھی ہوتی ہیں بلیک اینڈ وائٹ میں آتی ہیں

آتش آں نیست برشعلۂ او خندد شمع

آتش آں است کہ ہر خانۂ پروانہ زدند

یہ آتش بازیاں اصل میں تو گذشتہ روز چھوڑی گئی ہوتی ہیں لیکن عوام انھیں آج کی تاریخ میں دیکھتے ہیں ان میں زیادہ تر وہی وزیروں اور سرکاری طور پر چھوڑی ہوئی آتش بازیاں ہوتی ہیں لیکن کچھ ان لیڈروں کی بھی ہوتی ہیں جو اپنی باری لے چکے ہوتے ہیں یا اپنی باری کے انتظار میں بیٹھے ہوئے ہوتے ہیں، حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ہم نے جتنے کارنامے کیے تھے ان سب پر پانی پھیر دیا گیا (اپوزیشن)، ہمیں حکومت ملی تو لوڈ شیڈنگ کو ایک دن میں ختم کر دیں گے (امیدوار آیندہ باری)، حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے (ممتاز رہنماء)، ہمارے بنائے ہوئے منصوبے دوسری جگہ لے جائے گئے (سابق وزیر)، ہم عوام کے لیے جگہ جگہ لنگر قائم کریں گے (ممتاز اپوزیشن رہنماء) ، حکومت نے کرپشن کے وہ ریکارڈ توڑ دیے جو ہم نے قائم کیے تھے (سابق وزیر)، آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ آتش بازیاں ختم نہیں ہوئی ہیں بلکہ اپنے یہاں بھی چھوڑی جا رہی ہیں روزانہ چھوڑی جا رہی ہیں صبح شام چھوڑی جا رہی ہیں اور سب کے سب چھوڑ رہے ہیں لیکن یہ دیکھنے کی نہیں سننے کی آتش بازیاں ہیں کیوں کہ ہم اب بچے نہیں رہے بالغ ہو چکے ہیں اور آتش بازیاں بھی بالغوں والی چھوڑ رہے ہیں

سب کہاں کچھ لالہ گل میں نمایاں ہو گئیں

خاک میں کیا صورتیں ہوں گی جو پنہاں ہو گئیں

مقبول خبریں