ماہی گل کے فلم ’’زنجیر‘‘ کیلئے گیت کی ویڈیو نے دھوم مچادی

’’قاتلانہ رات ہے ‘‘کے بولوں پر مبنی اس گیت کے شاعر شبیر احمد ہیں۔


Showbiz Desk August 25, 2013
ماہی گلکی عمدہ پرفارمنس نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ فوٹو: فائل

بالی ووڈ ریمک فلم''زنجیر''کیلیے ماہی گل کے رقص نے دھوم مچادی ۔شبیر احمد کے تحریر کردہ''قاتلانہ رات ہے ''کے بولوں پر مبنی اس گانے کوپلے بیک سنگر شویتا پنڈت کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ماہی گل کے اس گیت کی وڈیو ریلیز ہوئی تو تہلکہ مچ گیا۔ اداکارہ کی عمدہ پرفارمنس نے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ فلم کے اس گیت کی وڈیو میں فلم کے ہیرو رام چرن اور ولن کی موجودگی میں ماہی گل ڈانس کرتی پرفارم کررہی ہیں۔ ماہی گل کا کہنا ہے کہ نئی فلم ''زنجیر '' کے گیت کو یادگار بنانے کیلیے بھرپور تیاری کی ہے۔ آنیوالی فلم میں اپنے کام کو مزید بہتر انداز میں پیش کرنے کی کوشش کروں گی۔ ریمیک فلم میں مونا ڈارلنگ کا کردار خوبی سے نبھانے کیلیے 1973کی بلاک بسٹر فلم کو کئی بار دیکھا ہے۔ اس کا اتنہائی توجہ سے جائزہ لینے کے بعداس پراجیکٹ پر کام شروع کیا۔ اب یہ فلم تکمیل کے مراخل طے کرچکی ہے۔ اس میں اپنے کردار سے مطمئن ہوں۔ آئندہ بھی ایسے کردار آفر ہوئے تو اسی طرح کام کرونگی۔ اداکارہ ماہی گل کا کہنا ہے کہ شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہونگی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ آئٹم سانگ میں پرفارمنس سے مطمئن ہوں، پنجابی اور ہندی زبان کی فلموں میں اپنا کردار خوبی سے نبھایا ہے۔ اداکاری کا اپنا مزاج ہے اور یہ فن ہر کوئی نہیں کرسکتا۔ اپنی ذات کے اظہار کا بہترین ذریعہ بھی ہے اور دوسروں کو تفریح کیساتھ فلاحی سبق بھی دیا جاسکتا ہے۔ نئی فلموں میں ا ب آئٹم سانگ کا رواج پڑچکا ہے اس روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اپنے حصے کا کام اچھے انداز میں کریں۔ فلم ایک اجتماعی کوشش ہے، کیمرے کے پیچھے رہنے والوں کا بھی بہت اہم کردار ہوتا ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ اچھی کہانی کے بغیر کوئی فلم بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکتی۔ امیتابھ اور جیا بچن کی 1973 کی بلاک بسٹر فلم زنجیر کا ریمیک تیار ہے جس میں بالی ووڈ میں پریانکا چوپڑا اورٹولی ووڈ اداکار رام چرن کی نئی جوڑی متعارف کروائی جائے گی زنجیر کے ریمیک کے ٹریلر کے بعد فلم کے ایک اور گانے قاتلانہ کی وڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔

شبیر احمد کے تحریر کردہ''قاتلانہ رات ہے ''کے بولوں پر مبنی اس گانے کوپلے بیک سنگر شویتا پنڈت کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے جسکی وڈیو میں فلم کے ہیرو رام چرن ایک کلب میں موجود ہیں جہاں ولن سمیت دیگر حاضرین کیلیے ماہی گل ڈانس کرتی نظر آرہی ہیں۔ ہدایتکار اپوروا لاکھیا کی اس ایکشن فلم زنجیر میں سابقہ مس ورلڈ اور بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور رام چرن کے ساتھ پرکاش راج ،سنجے دت،ماہی گل اور اتل کلکرنی اہم کردار کررہے ہیں جب کہ اصل فلم کے ہیرو امیتابھ بچن بحیثیت مہمان اداکار جلوہ گر ہونگے۔سنجیو لامبا،مہیش راماناتھن اور پونیت سمیت پرکاش مہرا کی پروڈیوس کردہ اس فلم کا میوزک آنند راج آنند،میت بروس انجان اور چیرانتن بھٹ نے ترتیب دیا ہے۔ 75کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ سے بننے والی یہ فلم ریلائنس اینٹرٹینمنٹ کے تحت6ستمبر کوبیک وقت ہندی،تامل،تیلگو اور ملیالم زبان میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔اداکارہ کو سیف علی خان اور سوناکشی سنہا کی نئی آنیوالی فلم ''بلٹ راجہ ''میں بھی آئٹم سانگ کیلیے سائن کیا گیا۔



واضح رہے کہ19دسمبر 1975کو بھارتی پنجاب کے شہر چندی گڑھ میں پیدا ہونے والی 37سالہ اداکارہ نے فلمی کیرئیر 2003میں فلم ''ہوائیں ''سے شروع کیا ۔اداکارہ کو انوراگ کیشپ کی فلم ''ڈیوڈی ''کے کردار پاروسے بڑی شہرت ملی اور یہ کردار اب تک شائقین کے ذہنوں پر نقش ہے ۔یہ بنگالی ناول'' دیوداس''کی ماڈرن ریمیک تھی اس پر 2010میں اداکارہ کو بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے ۔ماہی گل نے پنجابی تھیٹر میں بھی فن کے جوہر دکھائے اور شائقین سے داد وصول کی ۔لائیو پرفارمنس کے کئی مواقع ملے اور وہ اپنی عمدہ پرفارمنس سے ہر بار سرخرو ہوئیں ،پہلی فلم کرنے پر انھیں متعدد فلموں میں کام کرنیکی آفرز آئیں تاہم اداکارہ نے صرف منتخب فلموں میں کام کرنے کو ترجیح دی تاہم پنجاب سے خاص لگائو کے سبب پنجابی فلم میں کام کرنے کیلیے ہر وقت تیار رہیں ۔

اداکارہ کی دوسری فلم پنجابی ہی تھی جو ''خوشی مل گئی ''کے نام سے 2004میں سینماگھروں کی زینت بنائی گئی ۔ 2006کے دوران بھی پنجابی فلم ''صرف پنج دن''میں جلوہ گرہوئیں ۔2007میں ہندی فلم ''کھویا کھویا چاند''میں پرفارم کرکے شائقین کو اداکاری سے متاثرکیا ۔اسی سال پھر پنجابی فلم ''مٹی واجاں ماردی ''میں رانی کا کردار نبھایا ۔2008میں اسی زبان میں فلم ''چک دے پھٹے''میں کام کیا ۔2009کے دوران پھر ہندی فلم ''گل لال ''میں مادھوری کے روپ میں جلوہ گرہوئیں ۔اسی سال فلم ''پل پل دل کیساتھ ''اور ''آگے سے رائٹ ''میں اپنی ادائوں کے سحر سے شائقین کو گرویدہ بنایا ۔

2010 میں اداکارہ نے فلم''دبنگ ''میں کام کیا اور فلم ''مرچ''میں اسی سال آئٹم سانگ سے اپنی پرفارمنس کی دھاک بٹھادی ۔پھر فلم ''اوٹ پٹانگ''اور ''ناٹ اے لو اسٹوری ''میں کردار نبھائے ۔ 2011میں ''صاحب بیوی اور گینگسٹر''میں پرفارم کیا ۔فلم ''پان سنگھ تومار''میں اندرا کا کردار نبھایا ۔2012میں ہی فلم ''بڈھا ان اے ٹریفک جام''مکمل کروائی تاہم تاحال یہ فلم ریلیز کی منتظر ہے ۔اور پھر پنجابی فلم ''کیری آن جٹا''میں فن کے جوہر دکھائے ۔اسی سال دو ہندی فلمیں بھی کیں ،جب کہ اب نئی فلموں کی تشہیری مہم چلارہی ہیں ۔بالی وڈ نقادوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ نے محنت کرکے اپنے کام کو بہتر بنایا ہے ان کی عمدہ پرفارمنس ہی رواں سال ان کی فلموں کی کامیابی کی ضمانت بنے گی ۔ 37سالہ اداکارہ ماہی گل کی گیتوں پر عمدہ پرفارمنس کی کے اب چرچے ہونے لگے ہیں۔

مقبول خبریں