انگلینڈ گرین شرٹس کا پاکستانی ہتھیار سے ہی شکارکریگا

ثقلین مشتاق کی بطوراسپن بولنگ مشیرخدمات حاصل،5میچزمیں ساتھ رہیں گے


Saleem Khaliq May 23, 2019
آسٹریلیا سے ایشزسیریزمیں بھی انگلش اسپنرز کی رہنمائی کروں گا، سابق اسٹار

ورلڈکپ میں انگلینڈگرین شرٹس کا پاکستانی ہتھیارسے ہی شکارکرے گا سابق اسپنر ثقلین مشتاق کی بطور اسپن بولنگ مشیر خدمات حاصل کر لی گئیں وہ میگا ایونٹ میں5 میچز میں ٹیم کے ساتھ رہیں گے ثقلین ایشز سیریز میں بھی اسپنرز کی رہنمائی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے ورلڈکپ اور ایشز سیریز کیلیے ثقلین مشتاق کی بطور اسپن بولنگ مشیر خدمات حاصل کرلی ہیں، سابق پاکستانی اسپنر 30 مئی کو لندن روانہ ہو رہے ہیں، وہ پاکستان سے میچ میں بھی انگلش ڈریسنگ روم میں موجود ہوں گے۔ ثقلین مشتاق نے اسلام آباد سے فون پر نمائندہ ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ سے میرا64 روز کا نیا معاہدہ ہوا ہے، میں2 جون کو ٹیم جوائن کر لوں گا اور ورلڈکپ کے دوران چند دن تک پلیئرزکے ساتھ رہوں گا،اس دوران مجھے5 میچز میں اسپنرز کی رہنمائی کرنا ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ3 جون کو ناٹنگھم میں پاکستان کیخلاف میچ میں بھی میری خدمات میزبان ٹیم کو حاصل ہوں گی، ثقلین نے کہا کہ میرا انگلینڈ کے ساتھ2 سالہ معاہدہ ختم ہو چکا اس دوران انگلش بورڈ کے اینڈریو اسٹروس اور اینڈریو فلاور میرے کام سے کافی متاثر نظر آئے، اسپنرز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری سے بھی میری افادیت ثابت ہوتی ہے، انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا سے ایشز سیریز کے دوران بھی میں انگلش ٹیم کے ساتھ رہوں گا، کوچ ٹریور بیلس اس کے بعد عہدہ چھوڑ رہے ہیں، ای سی بی چاہتا ہے کہ نئے کوچ اپنی ٹیم خود بنائیں اس لیے مجھ سے بھی ایشز تک کا معاہدہ کیا ہے۔ ثقلین مشتاق نے کہا کہ میرا دل ہمیشہ پاکستان کیلیے ہی دھڑکتا ہے، جب کبھی پی سی بی کو ضرورت ہوئی میں حاضر ہوں گا۔

مقبول خبریں