نوازشریف کو گھر والوں سے نہ ملنے دینا عمران خان کی بے حسی کی انتہا ہے مریم اورنگزیب

عمران صاحب جس غلیظ اور منفی سیاست کی بنیاد آپ نے رکھی ہے پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، ترجمان مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک June 06, 2019
عمران صاحب جس غلیظ اور منفی سیاست کی بنیاد آپ نے رکھی ہے پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، ترجمان مسلم لیگ (ن) فوٹو:فائل

لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو عید پر اور بیماری میں بھی والدہ، بیٹی اور گھر والوں سے نہ ملنے دینا عمران خان کی بے حسی اور انتقامی سیاست کی انتہا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے مریم نوازشریف اور ان کی والدہ کو نوازشریف سے نہ ملنے دینے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نواز شریف جیل میں ہیں، ان کی والدہ اور بیٹی کو آپ کے حکم پر نہیں ملنے دیا گیا آپ کی تو عید ہوگئی، نواز شریف سے ہفتہ وار ملاقات کے لیے مختص جمعرات کے دن بھی ملاقات نہ کرنے دی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف کو عید پر اور بیماری میں بھی والدہ، بیٹی اور گھر والوں سے نہ ملنے دینا عمران خان کی بے حسی اور انتقامی سیاست کی انتہا ہے، عمران صاحب سیاست میں جس انتقام، انتشار اور نفرت کی بنیاد آپ نے رکھی ہے، آپ خود اس کا شکار ہو رہے ہیں، خود پسندی اور انّا پرستی کے محور سے آپ کبھی نکل نہیں سکے۔

ترجمان (ن) لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب عید پر نواز شریف کو ان کی بیٹی اور والدہ سے نہ ملنے دینے سے آپ کو دلی سکون مل رہا ہو گا، عمران صاحب جس غلیظ اور منفی سیاست کی بنیاد آپ نے رکھی ہے پورا پاکستان دیکھ رہا ہے، نواز شریف بیمار ہیں، ان کی بیٹی اور ذاتی معالج کو ان سے ملنے نہیں دیا جا رہا، آپ کے 50 ترجمان صرف نواز شریف کی صحت پر سیاست کر رہے ہیں تاہم نواز شریف کے ساتھ اللہ اور کروڑوں لوگوں کی دعائیں ہیں، اللہ اْن کو سلامت رکھے۔

مقبول خبریں