بارش کا توڑ، سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے اضافی دن مختص

اسپورٹس ڈیسک  منگل 9 جولائی 2019
پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق مقابلہ ٹائی ہونے کی صورت میں فیصلہ سپر اوور پر ہوگا
 فوٹو : اے ایف پی

پلیئنگ کنڈیشنز کے مطابق مقابلہ ٹائی ہونے کی صورت میں فیصلہ سپر اوور پر ہوگا فوٹو : اے ایف پی

مانچسٹر: ورلڈ کپ کے دوران بارش کے توڑ کیلیے سیمی فائنلز اور فائنل میں اضافی دن مختص ہے۔

ورلڈ کپ کا ابتدائی مرحلہ بارشوں سے شدید متاثر ہوا، کئی میچز موسم کی وجہ سے شروع تک نہیں ہو پائے جس پر پوائنٹس دونوں ٹیموں میں تقسیم کرنا پڑے۔

منگل کے روز مانچسٹر میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے سیمی فائنل کے موقع پر بھی آسمان پر بادل چھائے رہیں گے، بوندا باندی کی پیشگوئی بھی ہو چکی ہے، اگر موسم کے تیور خطرناک ہوئے تو کھیل کو مکمل کرنے کیلیے اضافی دن کی سہولت موجود ہوگی، آئی سی سی نے ریزرو ڈیز صرف سیمی فائنلز اور فائنل کیلیے مختص کیے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ مانچسٹر میں ریزرو ڈے یعنی بدھ کو بھی بادل چھائے رہنے اور بارش کا امکان موجود ہے، ایسے میں اگر ڈک ورتھ لوئس میتھڈ لاگو کرنا ممکن ہوا تو اسی سے نتیجہ نکالا جائے گا، اگر ریزرو ڈے میں بھی کھیل بارش کی نذر ہوگیا تو پھر خودکار طور پر بھارت فائنل میں چلا جائے گا کیونکہ لیگ مرحلے میں اس کے پوائنٹس نیوزی لینڈ سے زیادہ تھے۔

اسی طرح اگر سیمی فائنلز یا فائنل میں سے کوئی بھی میچ ٹائی ہوا تو اسے نتیجہ خیز بنانے کیلیے سپر اوور کا استعمال کیا جائے گا۔ اس سے قبل یہ سہولت صرف فائنل کیلیے دی گئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔