2 چینی شہریوں کا شادی کیلیے لڑکی پر دباؤ اور دھمکیاں

صالح مغل  پير 22 جولائی 2019
مقدمہ درج، پولیس نے دونوں چینی باشندے گرفتار کر لیے، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

مقدمہ درج، پولیس نے دونوں چینی باشندے گرفتار کر لیے، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

 راولپنڈی: چینی  باشندوں کی جانب سے پاکستانی لڑکیوں کو شادیوں کے لیے مجبور کرنے کاسلسلہ تھم نہ سکا۔

راولپنڈی میں ایک اور واقعہ سامنے آگیا، پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنے سمیت فون پر پیغامات و دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج کر کے 2 چینی باشندوں کوگرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق تھانہ صدر بیرونی کو راولپنڈی کی رہائشی لڑکی نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایاکہ چکری روڈ پر ٹیوشن پڑھاتی ہوں ، ہمشیرہ چینی باشندوں کے ساتھ مترجم کے طور پر کام کرتی ہے، شوخوا فون پر شادی کے لیے ورغلاتا رہا، گذشتہ دنوں چکری روڈ بلوایا تو میں نے اپنے دوستوں کاشف اور شارق کو بھی وہاں بلا لیا، چینی باشندے شوخوا اور حوص گاڑی پر وہاں آئے اور نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے مجھے گریبان سے پکڑ کر مارنے کی کوشش کی، میرے دوستوں نے بمشکل چھڑایا، لوگ جمع ہونے پر دونوں چینی وہاں سے بھاگ گئے۔

دونوں شوخوا وغیرہ زبردستی شادی کرنے کے لیے فون پر دھمکیاں اور پیغام دیتے  تھے اور اب انھوں نے بے عزت کیا، پولیس نے لڑکی کو ہراساں کرنے کی دفعہ 354 ت پ اور فون پر دھمکیاں و پیغامات ارسال کرنے کی دفعہ 25D ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت درج کر کے دونوں چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا، ایس ایچ او صدر بیرونی انسپکڑ اشتیاق چیمہ کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں  کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا جنہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے، یاد رہے کہ اس سے قبل چینیوں کی جانب سے پاکستانی لڑکیوں کو شادیوں کے لیے مجبور کرکے چین لے جانے اور وہاں مختلف سرگرمیوں کے لیے استعمال کیے جانے کے حوالے سے واقعات سامنے آچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔