اردو ڈکشنری بورڈ، 22 جلدوں پر مشتمل اردو لغت کا مختصر ورژن تیار

صفدر رضوی  پير 22 جولائی 2019
مختصر اردو لغت میں بعض الفاظ کے اضافے کے ساتھ کچھ پرانے الفاظ کے نئے معنی بھی شامل کیے گئے ہیں، مدیر اعلیٰ عقیل عباس جعفری
فوٹو:فائل

مختصر اردو لغت میں بعض الفاظ کے اضافے کے ساتھ کچھ پرانے الفاظ کے نئے معنی بھی شامل کیے گئے ہیں، مدیر اعلیٰ عقیل عباس جعفری فوٹو:فائل

کراچی:  وفاقی حکومت کے ادارے ’’اردو ڈکشنری (لغت) بورڈ‘‘ نے 22 جلدوں اور ہزاروں صفحات پر مشتمل اردو لغت کو دو جلدوں پرمنتقل کر کے ’’مختصراردولغت‘‘ کے نام سے مختصر ( concise) ڈکشنری تیار کر لی ہے۔

جس کی پہلی جلد شائع ہوچکی اور دوسری اشاعت کے مرحلے میں ہے جبکہ 22 جلدوں پر مشتمل اردولغت کی موبائل فون اپلیکشن کی تکمیل کرتے ہوئے تلفظ (pronunciation) کے لیے اس میں باقاعدہ آواز (اسپیکر) کا آپشن بھی شامل کر دیا ہے۔ اردو لغت کی موبائل اپلیکیشن میں سائونڈ کاآپشن ’’اسپیکر‘‘ شامل کیے جانے کے بعد محض 4 ماہ میں اپلیکیشن استعمال کرنے والوں کی تعداد 15ہزارسے بڑھ کر 85 ہزارتک جا پہنچی ہے۔

ادھروفاقی وزارت براڈکاسٹنگ کے تحت قائم قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے ماتحت ادارے اردوڈکشنری بورڈکی جانب سے تیارکی گئی مختصر اردو لغت میں بعض الفاظ کے اضافے کے ساتھ ساتھ کچھ پرانے الفاظ کے معنوں میں نئی جہتوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ کچھ وہ الفاظ بھی شامل کیے گئے ہیں جوگذشتہ دہائیوں میں 22 جلدوں کی تیاری اوراشاعت کے وقت بول چال میں شامل تھے تاہم لغت میں شامل ہونے سے رہ گئے تھے۔

اردولغت بورڈ کے مدیراعلیٰ (ایڈیٹر انچیف) عقیل عباس جعفری نے ’’ایکسپریس‘‘کو بتایا کہ عقیل عباس جعفری نے بتایاکہ مختصر اردو لغت میں شامل کیے گئے اضافی الفاظ میں ’’ سہولت کار، بھتا، ابلاغ عامہ،احتیاطی تدابیر، اخبار نویسی، اختلاف رائے، اختلافات،ارض وسما، استصواب رائے،اعدادوشمار اورافسانوی‘‘سمیت دیگرالفاظ شامل ہیں۔

اردو لغت بورڈ کے مدیراعلیٰ عقیل عباس جعفری کے مطابق اردولغت کی اپلیکیشن پرگذشتہ برس مارچ 2018 میں کام شروع ہواتھا اور2لاکھ 60 ہزارالفاظ کی علیحدہ علیحدہ فائلیں بنائی گئیں جبکہ دوسرے مرحلے میں ہرلفظ پر علیحدہ علیحدہ اسپیکر لگایا گیا۔ انھوں نے بتایاکہ ’’وائس آرٹس‘‘ کے انتخاب کے لیے شکیل عادل زادہ اوررضاعلی عابدی پر مشتمل ایک علیحدہ کمیٹی بنائی گئی جنھوں نے 7 افرادکاآڈیشن لے کر ان میں سے تحسین فاطمہ کاانتخاب کیا اوراردولغت بورڈکی اس اپلیکیشن پر تلفظ کی ادائیگی کے لیے ان کی آوازشامل کی گئی ہے۔

اپلیکیشن کا لنک ادارے کی ویب سائٹ www.udb.gov.pkپربھی موجود ہے۔ اپلیکیشن کی تیاری کے لیے مجموعی طورپر 2کروڑ 46 لاکھ روپے کے اخراجات آئے جن میں 1 کروڑ 32 لاکھ روپے محض الفاظ اوران کے معنی کے لیے پہلے مرحلے میں جبکہ اسپیکرکے دوسرے مرحلے کے لیے 1 کروڑ 14 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔ انھوں نے بتایاکہ 22 جلدوں پر مشتمل اردولغت کوسی ڈیز میں منتقل کرنے کے کام کاآغاز بھی ہوچکا ہے۔

دوسری جانب جب ان سے ادارے کی صورتحال پرسوال کیا گیا تو انھوں نے انکشاف کیاکہ اردو لغت بورڈمیں مختلف گریڈ کی 55اسامیوں میں سے 29خالی ہیں، یہ افراد ریٹائر ہو چکے ہیں، صرف 26افرادکام کر رہے ہیں اوران 26میں سے بھی صرف 5 افراد اسکالرز کی اسامیوں پر لغت کاکام کررہے ہیں، باقی تمام افراد مختلف گریڈزکے آفس ورکرزہیں ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے خالی اسامیوں کی تفصیلات تومانگی گئی ہیں تاہم ان پر بھرتیوںکے لیے ابھی کوئی اقدام سامنے نہیں آیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔