ٹنڈو الہ یار بجلی چوروں کیخلاف آپریشن لاکھوں روپے کی وصولی 2 افراد گرفتار

پولٹری فارم، ہوٹلوں کی بجلی بھی کاٹ دی گئی، 3 ٹیوب ویلز کے مالکان پر جرمانے، بجلی چوری میں ملوث 2 اہلکار معطل


Nama Nigar September 16, 2013
پولٹری فارم، ہوٹلوں کی بجلی بھی کاٹ دی گئی، 3 ٹیوب ویلز کے مالکان پر جرمانے، بجلی چوری میں ملوث 2 اہلکار معطل۔ فوٹو: فائل

چھٹی کے روز بھی بجلی چوروں کے خلاف واپڈا کا کریک ڈاؤن جاری رہا، کرکٹ کے نائٹ میچز کرنے والے بجلی چور بھی پکڑے گئے۔

25 کے وی کے 2 ٹرانسفارمر ضبط، چوری میں ملوث لائن سپریٹنڈنٹ اور لائن مین معطل، نادہندگان اور بجلی چوروں سے لاکھوں روپے کی وصولی، تفصیلات کے مطابق ایکسئن واپڈا فرید احمد سومرو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھٹی کے روز بھی مختلف علاقوں میں چھاپے جاری رکھے، ٹنڈو الہیار سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر نواحی گاؤں امین درس میں واقع کرکٹ گراؤنڈ میں کئی عرصے سے نائٹ میچز کرانیوالوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور 2 افراد کو حراست میں لے لیا، مذکورہ گراؤنڈ میں 25 کے وی کے 2 ٹرانسفارمروں کے ذریعے بجلی چوری کرکے ضلعی سطح کے بڑے بڑے کرکٹ میچز کرائے جاتے تھے۔



ذرائع نے بتایا کہ بجلی چوری محکمہ کے افسران کی آشیرباد سے کرائی جارہی تھی ، ایکسئن نے موقعے پر بجلی چوری میں ملوث حیسکو کے لائن سپرنٹنڈنٹ غلام مصطفی اور لائن مین کو فوری معطل کردیا، دوسری جانب ایکسئن نے حیدر آباد روڈ پر واقع پولٹری فارموں، ہوٹلوں، گھریلو و نجی صارفین کیخلاف کارروائی کرکے ان کی بجلی کاٹ دی جبکہ شہر سے متصل مختلف دیہات میں بجلی چوری کرکے ٹیوب ویل چلانیوالے 3 افراد کو پکڑا، اس حوالے سے رابطہ کرنے پر فرید احمد سومرو نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ تینوں ٹیوب ویلوں سے36,36 ہزار روپے جرمانے وصول کیے ہیں، جبکہ دیگر گھریلو، نجی و کمرشل صارفین سے جو بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ان سے 17 لاکھ 32 ہزار کی وصولی کی گئی۔

مقبول خبریں