رانا ظہیر کو قومی سینئر ٹیم کے کوچنگ پینل میں شامل کرنے کا فیصلہ

محمد یوسف انجم  بدھ 21 اگست 2019
رانا ظہیر 24 برس سے ہاکی کوچنگ سے وابستہ ہیں فوٹو: فائل

رانا ظہیر 24 برس سے ہاکی کوچنگ سے وابستہ ہیں فوٹو: فائل

 لاہور: انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن کے ہائی پرفارمنس کوچ رانا ظہیر کو قومی سینیئر ٹیم کے کوچنگ پینل میں شامل کرنے کافیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ٹوکیو اولمپک کوالیفائنگ راونڈ کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 25 اگست سے لاہور میں شروع ہورہا ہے، پی ایچ ایف نے خواجہ جیند ہیڈ کوچ، وسیم احمد اور سمیر حسین پر مشتمل کوچنگ پینل کا اعلان کیاتھا۔ اب اس میں رانا ظہیر کا بھی اضافہ کیا جارہا ہے، جن کی موجودگی میں اس سے پہلے پاکستان کو یوتھ اولمپکس کوالیفائنگ ایشیا کپ اور عمان انڈر 17 ٹیم کے دورے پر 2 گولڈ میڈل مل چکے ہیں۔

2006 میں انٹر کلب چیمپیئن شپ میں پاکستان کے بہترین کوچ قرار پانے والے رانا ظہیر موجودہ سیکریٹری پی ایچ ایف آصف باجوہ کے ساتھ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ اور تراسا ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بطور کوچ ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔

24 برس سے ہاکی کوچنگ سے وابستہ رانا ظہیر ہالینڈ، بھارت اور پاکستان میں ایف آئی ایچ کےتین ہائی پرفارمنس کوچنگ کورس کرچکے ہیں۔ پاکستان وائٹ، انڈر17 اور ویمن ٹیم کی کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے رانا ظہیر لاہور میں ہاکی اکیڈمی بھی چلارہے ہیں۔ ان کے زیرتربیت 50 سے زیادہ کھلاڑی سینئر، جونیئر ، صوبائی اور مختلف محکموں کی ٹیموں کی نمائندگی کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔