وفاقی حکومت نے کراچی کے دو منصوبوں کے لئے 95 ارب مختص کردیئے

کراچی میں پانی کے وسائل اور سیوریج سسٹم میں بہتری کے لئے 16 ارب 70 كروڑ 80 لاكھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔


ویب ڈیسک August 29, 2019
ایکنک نے وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام سمیت مجموعی طور پر 579 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی۔ فوٹو:فائل

قومی اقتصادی كونسل کی انتظامی كميٹی (ايكنک ) نے کراچی کے دو منصوبوں کے لئے 95 ارب مختص کردیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت قومی اقتصادی كونسل کی انتظامی كميٹی (ايكنک ) کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایکنک نے وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام سمیت مجموعی طور پر 579 ارب روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی، جن میں سے کراچی کے دو منصوبوں کے لئے 95 ارب روپے بھی مختص کئے گئے۔

بی آر ٹی کراچی لائن کی تعمیر کے لئے 78 ارب 38 كروڑ 43 لاكھ۔ روپے اور شہر میں پانی کے وسائل اور سیوریج سسٹم میں بہتری کے لئے 16 ارب 70 كروڑ 80 لاكھ روپے ماليت كے منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی۔

ایکنک نے 31 ارب 93 کروڑ سے زائد مالیت کے وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ پروگرام سمیت گائے كے بچھڑے و كٹوں كو بچانے كے لئے وزيراعظم كے اقدامات كے پروگرام کے لئے 3 ارب 40 كروڑ 10 لاكھ روپے، زرعی شعبہ كيلئے 95 ارب روپے اور درخت لگانے كے سونامی پروگرام کے لئے 125 ارب 18 كروڑ 40 لاكھ روپے کی منظوری دی ہے۔

ایکنک اجلاس میں پشاور طورخم موٹر وے پروجیکٹ خیبر پاس اقتصادی راہداری منصوبے کے لئے 41 ارب 44 روپے، سندھ میں تعلیم کے فروغ اور نظام میں بہتری کے لیے سیکنڈری اسکولوں کے لیے 13 ارب روپے اور گوادر مکران کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرنے کی منظوری دی ہے جب کہ زرعی شعبے کے لیے 8 ارب روپے کے منصوبے منظور کیے ہیں۔

 

مقبول خبریں