ٹیسٹ اوپننگ پوزیشن بھی روہت کو راس آگئی

اے ایف پی  اتوار 6 اکتوبر 2019
پہلے میچ کی دوسری اننگزمیں بھی سنچری، پروٹیز کیلیے 395 رنز کا ہدف۔ فوٹو: فائل

پہلے میچ کی دوسری اننگزمیں بھی سنچری، پروٹیز کیلیے 395 رنز کا ہدف۔ فوٹو: فائل

وشاکھاپٹنم: ٹیسٹ کرکٹ میں بھی اوپننگ پوزیشن روہت شرما کو راس آگئی، جنوبی افریقہ سے رواں میچ میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کردی۔

روہت شرما نے بطور ٹیسٹ اوپنر اپنے پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں بھی سنچری اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو جنوبی افریقہ کیلیے 395 رنز کا ہدف مقرر کرنے میں مدد دی۔ انھوں نے پہلی باری میں 176 رنز اسکور کیے تھے۔

میانک اگروال کے صرف 7 رنز پر کیشیو مہاراج کی گیند پر فاف ڈوپلیسی کا کیچ بننے کے بعد روہت نے چتیشور پجارا کے ساتھ169 رنز جوڑے،21 ویں نصف سنچری مکمل کرنے والے پجارا کو 81 کے انفرادی اسکور پر ورنون فلینڈر نے ایل بی ڈبلیو کیا، روہت کو 50 کے انفرادی اسکور پر چانس بھی ملا جب ڈین پیڈٹ نے باؤنڈری پر کیچ کیا مگر ری پلیز سے معلوم ہوا کہ پاؤں رسی کو چھو گیا تھا۔

آخر کار وہ 127 رنز بناکر کیشیو کی گیند پر اسٹمپڈ ہوئے، اسکور 4 وکٹ پر 323 ہوا تو بھارت نے دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، جواب میں 395 رنز کا ہدف پانے والے پروٹیز نے دن کے اختتام تک 11 رنز پر 1 وکٹ گنوا دی، ڈین ایلجر کو جڈیجا نے ریویو پر ایل بی ڈبلیوکی بدولت پویلین واپس بھیجا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔