کراچی میں جے یو آئی کے ممکنہ دھرنے سے نمٹنے کیلیے ہدایات جاری

اسٹاف رپورٹر  بدھ 13 نومبر 2019
ساؤتھ زون کے 5 مقامات پر کارکنوں کی جانب سے دھرنادیا جا سکتا ہے،ایس ایس پیز کو خط۔ فوٹو: فائل

ساؤتھ زون کے 5 مقامات پر کارکنوں کی جانب سے دھرنادیا جا سکتا ہے،ایس ایس پیز کو خط۔ فوٹو: فائل

کراچی: ڈی آئی جی ساؤتھ نے خفیہ ذرائع سے ملنے والی رپورٹ کی روشنی میں جے یو آئی (ف) کی جانب سے جانب سے ممکنہ دھرنے اور احتجاج کے پیش نظر سیکیورٹی اقدامات کو فل پروف بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔

ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل نے ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایس پی سٹی کو خط ارسال کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ خفیہ ذرائع سے رپورٹ ملی ہے کہ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمٰن گروپ پلان بی کے تحت کراچی میں دھرنا اور مظاہرے کر سکتے اور اپنے مطالبات کے حق میں ممکنہ طور پر ساؤتھ زون کے 5 مقامات آئل ٹرمینل ایریا داخلی و خارجی گیٹ ، آئی سی آئی برج ، ٹاور ، تین تلوار اور زینب مارکیٹ پر دھرنے اور احتجاج کی منصوبہ بندی کی گئی جس سے شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔

احتجاج میں مدارس کے طالبعلموں اور مقامی کارکنان کو استعمال کیا جائیگا ،لہذا پولیس کو ہدایت جاری کی جاتی ہے کہ امن و امان کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے خفیہ نگرانی اور خفیہ معلومات کے تبادلے کو نہ صرف یقینی بنائیں بلکہ کسی بھی ممکنہ گڑبڑ سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں۔

دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کی جانب سے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں تین ہٹی ، فور کے چورنگی ، سہراب گوٹھ ، عبداللہ کالج ، کٹی پہاڑی ناظم اباد 3 نمبر پر بھی ممکنہ دھرنا دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ شہر کی اہم تجارتی شاہراہوں اور سڑکوں پر بھی ممکنہ طور پر دھرنا دیا جا سکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔