ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسی نیشن مہم 7 دسمبر تک توسیع

مہم میں 90 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں، پروجیکٹ ڈائریکٹر ای او سی ڈاکٹر اکرم سلطان


Staff Reporter December 01, 2019
ٹیموں اور افسران نے انتہائی محنت اور ذمے داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیے ہیں،ڈی ایچ او وسطی ڈاکٹر انجم علی۔ فوٹو: فائل

کراچی سمیت سندھ بھر میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو ٹائیفائیڈ بخار سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ نے صوبے میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم میں توسیع کردی جس کے بعد 7 دسمبر تک بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں جاری ٹائیفائیڈ ویکسینیشن مہم کی تاریخ میں توسیع کرنے کا فیصلہ آج بروز ہفتہ ای او سی سندھ میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا، اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ای او سی سندھ ڈاکٹر اکرم سلطان نے مہم میں حصہ لینے والی ٹیموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے دوران سندھ بھر میں 18 سے 30 نومبر تک جاری مہم میں 90 لاکھ سے زائد بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں اور نوے فیصد کا ہدف مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انھوں نے پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن سندھ اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا کہ انھوں نے مہم میں بھرپور ساتھ دیا، ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم کچھ دن اور ویکسین مہم جاری رکھیں گے تو مزید بچوں کو فائدہ ہوگا لہذا کراچی میں ٹائیفائیڈ مہم اسکولوں اور اسپتالوں میں 2 سے 7 دسمبر تک جاری رہے گی،تمام کراچی کے ای پی آئی سینٹرز میں بھی ویکسینیشن جاری رہے گی، جن یوسیز میں زیادہ بچے ہیں وہاں دو دن کے لیے 2 سے 3 دسمبر تک بچوں کو ویکسینیشن کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔

ڈی ایچ او وسطی ڈاکٹر انجم علی نے کہا ہے کہ ٹیموں اور افسران نے انتہائی محنت اور ذمے داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیے ہیں ،مزید بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگا ئیں گے۔ اسکولوں میں بھی طلبا کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔

 

مقبول خبریں