کراچی میں ماڈل عدالت نے قتل کے جرم پر رینجرز اہلکار کو سزائے موت سنادی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی سٹی کورٹ کی ماڈل عدالت ایسٹ میں رینجرز اہلکار مرتضی کے خلاف قتل کے مقدمے کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے قتل کا جرم ثابت ہونے پر مجرم مرتضی کو سزائے موت کا حکم سنا دیا۔
اپنے فیصلے میں عدالت نے مجرم کو مقتول کے اہل خانہ کو 2 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔
پولیس کے مطابق رینجرز اہلکار مجرم مرتضی نے ساتھی اہلکار معشوق علی کو تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ مجرم کے خلاف شارع فیصل تھانے میں اکتوبر 2016ء میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔