پاکستان مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے گلوکار سکھبیر

کراچی، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں پرفارم کیا، جو مزہ لاہور میں ہے وہ کہیں نہیں، گلوکار


Showbiz Reporter November 03, 2013
راحت فتح اور عاطف اسلم کیساتھ کام کرنیکا ارادہ رکھتا ہوں، دبئی روانگی سے قبل گفتگو۔ فوٹو: فائل

بھارتی گلوکار سُکھبیر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مختصرقیام کے دوران جہاں میوزک کنسرٹس میں پرفارم کیا وہیں ننکانہ صاحب میں اپنی مذہبی رسومات بھی ادا کیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اپنے مذہبی کلام کو لاہور کے مقامی اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیا، اس موقع پر معروف میوزیشن نے بڑی مہارت کے ساتھ بین الاقوامی معیار کا ایسا کام کیا جس کی جتنی بھی داد دی جائے کم ہے، لاہوریوں کی مہمان نوازی کو تو بخوبی جانتا ہی ہوں لیکن لذیز پکوانوں اور قریبی دوستوں کی طرف سے پُرتکلف دعوتوں نے مختصر دورے کو کامیاب بنا دیا۔ ان خیالات کا اظہار سکھبیر نے گزشتہ روز دبئی روانگی سے قبل ''ایکسپریس''سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان مجھے اپنے گھر جیسا لگتا ہے، یہاں 1995ء میں پہلی بار پرفارمنس کے لیے آیا تھا اور اس کے بعد یہاں اتناپیار ملا کہ پاکستان کے مختلف شہروں میں اکثر آتا رہتا ہوں، نوجوان نسل میرے میوزک کو بہت پسند کرتی ہے اور ان کی چاہت مجھے ہر باریہاں کھینچ لاتی ہے۔



پاکستان کے شہروں کراچی، اسلام آباد، فیصل آباد، صادق آباد سمیت دیگرمیں پرفارم کرچکا ہوں لیکن جومزہ لاہور میں ہے وہ کہیں نہیں۔ نوجوان میری پرفارمنس کے دوران جب بے اختیارناچتے اورجھومتے ہیں تواچھا لگتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے ننکانہ صاحب سمیت دیگر مقامات پر بھی جاتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں سکھبیر نے کہا کہ اگر مجھے موقع ملا تو راحت فتح علی خاں اور عاطف اسلم کے ساتھ مستقبل میں کام کرنے کاارادہ رکھتا ہوں۔ راحت فتح علی خاں بہت اعلیٰ پائے کے گلوکار ہیں جب کہ اللہ تعالیٰ نے عاطف اسلم کو بہت ہی خوبصورت اور منفرد آواز سے نوازا ہے۔ واضح رہے کہ سکھبیر دسمبرمیں دوبارہ پاکستان میں پرفارمنس کے لیے آئیں گے اور اس دوران وہ لاہورکے ساتھ اسلام آباد اورکراچی میں بھی پرفارم کرینگے۔

مقبول خبریں