100 کلو گرام وزن اٹھانے والا گیارہ سالہ روسی بچہ

ویب ڈیسک  بدھ 1 جنوری 2020
ٹموفے کلے واکن نامی لڑکا 11 سال کی عمر میں 100 کلو گرام وزن ایک حد تک اٹھا سکتا ہے اور وہ 105 کلو گرام وزن کا ریکارڈ بنانا چاہتا ہے (فوٹو: اوڈٹی سینٹرل)

ٹموفے کلے واکن نامی لڑکا 11 سال کی عمر میں 100 کلو گرام وزن ایک حد تک اٹھا سکتا ہے اور وہ 105 کلو گرام وزن کا ریکارڈ بنانا چاہتا ہے (فوٹو: اوڈٹی سینٹرل)

روس: اگرچہ 11 سال کے بچے تعلیم، ویڈیو گیمز اور کھیل کود کےشوقین ہوتے ہیں لیکن اسی عمر کا روسی لڑکا ٹیموفے کلے واکِن زیادہ تر وقت جِم میں گزارتا ہے اور وزن اٹھانے کے نئے ریکارڈ قائم کرنے میں مصروف ہے۔

ٹموفے پانچ سال کی عمر میں ویٹ لفٹنگ کے عشق میں گرفتار ہوا۔ اس کے والد نے گاؤں میں چھوٹا سا جمنازیم بنارکھا تھا اور وہ خود بھی وزن اٹھاتے رہے۔ اپنے والد کو دیکھ کر ننھے ٹموفے میں بھی اس فن کا شوق چرایا اور والدہ کی مخالفت کے باوجود چھوٹی عمر میں اس نے وزن اٹھانا شروع کردیا۔ اس کا گاؤں شائلہ اورل پہاڑیوں کے دامن میں واقع ہے۔

صرف چھ برس کی عمر میں اس نے ایک مقابلے میں 55 کلوگرام وزن اٹھاکر شرکا کو حیران کردیا۔ اب 11 برس کی عمر میں وہ 100 کلو ڈیڈ لفٹنگ کرچکا ہے جس کے بعد وہ مزید محنت کرکے 105 کلوگرام وزن اٹھا کر ایک نیا ریکارڈ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

2019ء میں موسمِ سرما کے ایشیائی کپ میں ٹموفے نے 100 کلوگرام باربیل وزن اٹھایا جبکہ خود اس کا وزن 38 کلوگرام تھا۔ وہ اپنی قوت سے ٹرک کے ٹائر الٹنے پلٹنے اور ٹریکٹر کھینچنے کی تربیت بھی حاصل کررہا ہے۔ اس کی اس محنت کو دیکھ کر لوگ حیران ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے پورے گاؤں میں ایک ہیرو کا درجہ بھی حاصل ہے اور وہ اپنے سے بڑوں کے مقابلے میں زیادہ وزن اٹھانے لگا ہے۔ یہاں تک کہ جم میں موجود کئی ویٹ لفٹر اس بچے کو دیکھ کر انگشت بدنداں ہیں۔ ہفتے میں تین مرتبہ جم میں سخت محنت کرنے کے ساتھ ساتھ وہ مٹھاس سے دور ہے اور صحت کو متاثر کرنے والے غذاؤں سے بھی دور رہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔