بطور کپتان پہلی سیریز میں کامیابی پر بہت خوش ہوں، بابراعظم

ویب ڈیسک / محمد یوسف انجم  ہفتہ 25 جنوری 2020
سرفراز احمد بھی پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھاکر کم بیک کرسکتے ہیں، قومی کپتان - فوٹو؛ پی سی بی

سرفراز احمد بھی پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھاکر کم بیک کرسکتے ہیں، قومی کپتان - فوٹو؛ پی سی بی

لاہور: قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی واپسی کا فیصلہ درست ثابت ہوا ہے۔ 

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد بھی پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کرکے ٹیم میں کم بیک کرسکتے ہیں۔ شعیب ملک نے پہلے میچ میں زبردست کارکردگی دکھائی ۔ اب محمد حفیظ نے شاندار اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے ، بطور کپتان پہلی سیریز میں کامیابی پر بہت خوش ہوں، اس جیت کی پاکستان کو بہت ضرورت تھی۔

بابراعظم نے کہا کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک بطور سینئر کھلاڑی بہت اچھا پرفارم کررہے ہیں جس سے ہم سب کے اعتماد میں اصافہ ہوا ہے، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے بہترین پر فارم کرنے کی خوشی ہے، کوشش کریں گے کہ تیسرے میچ میں کامیابی حاصل کرکے نمبر ون پوزیشن برقرار رکھیں۔

ایک سوال پر بابر اعظم نے واضح کیا کہ ورلڈکپ سے پہلے ابھی پی ایس ایل فائیو میں پرفارمنس پر سب کی نظر ہوگی،  پی ایس ایل کے بعد ہم بہترین ٹیم بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے، بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں نوجوان باولرز کی عمدہ کارکردگی حوصلہ افزا ہے،  پہلے میچ کی نسبت دوسرے میچ میں پچ بہت اچھی کھیلی۔ پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے کا افسوس رہا تاہم دوسرے میچ ایک اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔