شامی فوج کے حملے میں ترک فوج کے 4 اہلکار ہلاک، 9 زخمی

ویب ڈیسک  پير 3 فروری 2020
حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے ایک کی حالت نازک ہے، فوٹو : فائل

حملے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں میں سے ایک کی حالت نازک ہے، فوٹو : فائل

ادلب: شام میں بشارالاسد کی فوج کی شیلنگ میں ترک فوج کے 4 اہلکار ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے علاقے ادلب میں کرد باغیوں کیخلاف آپریشن میں مصروف ترک فوجیوں پر بشار الاسد کی فوج نے شیلنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 ترک فوجی ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

ترک وزارت دفاع  نے شامی فوج کی شیلنگ میں 4 اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں زخمی ہونے والے 9 اہلکاروں میں سے ایک کی حالت نہایت تشویشناک ہے۔

ادھر شامی حکومت نے موقف اختیار کیا کہ ادلب میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں پر شیلنگ کے وقت شامی فوج اس علاقے میں ترک فوج کی موجودگی سے بے خبر تھی جب کہ ترک وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ شامی فوج نے کارروائی سے قبل خبردار نہیں کیا۔

دوسری جانب ترک صدر طیب اردوان نے وطن کی خاطر جان قربان کرنے والے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر ترک فوج نے جوابی کارروائی میں کئی اہم اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔

واضح رہے کہ ادلب میں شامی حکومت اور داعش جنگجوؤں کے درمیان فیصلہ کن جنگ جاری ہے جب کہ اسی علاقے میں ترک فوج کرد باغیوں کیخلاف آپریشن کر رہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔