ایک اور تنازع نے پی ایس ایل 5 کو نشانہ بنا لیا

گلیڈی ایٹرز اورزلمی کے میچ میں نوبال دیکھنے کیلیے غلط ری پلے چل گیا


Sports Reporter March 07, 2020
براڈ کاسٹر نے غلطی پر معذرت کرلی، پی سی بی نے وضاحت پیش کردی

ایک اور تنازع نے پی ایس ایل5کو نشانہ بنا لیا،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے میچ میں نوبال چیک کرنے کیلیے غلط ری پلے چلا دیا گیا، براڈ کاسٹر نے اپنی غلطی پر معذرت کرلی، پی سی بی نے وضاحت پیش کردی۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو راولپنڈی میں منعقدہ میچ میں ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم شدید مشکلات کا شکار تھی، اسے جیت کے لیے 27 گیندوں پر 72 رنز درکار اورجارحانہ انداز میں بیٹنگ کرنے والے بین کٹنگ ہی آخری امید تھے، جب وہ وہاب کی گیند پر 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو امپائر نے نو بال دیکھنے کیلیے تھرڈ امپائر سے مدد مانگی، ان کیلیے یہ فیصلہ انتہائی مشکل تھا کیونکہ ایک زاویے سے یہ نو بال لگتی تھی اور دوسرے سے ایسا لگتا تھا کہ وہاب ریاض کا پاؤں کریز سے تھوڑا پیچھے ہے،کافی انتظارکے بعد تھرڈ امپائر نے فیصلہ کیا کہ یہ نو بال نہیں ہے جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی۔ایک صارف نے لکھا کہ جب پاؤں لائن پر ہو تو پھر یہ امپائر کی صوابدید ہوتی ہے کہ وہ آؤٹ دے یا نہیں دونوں فیصلے درست ہوتے ہیں۔

ٹی وی پر دکھائے جانے والے ری پلیز میں جب ایک تیسرا زاویہ دکھایا گیا تو اس میں بین کٹنگ نان اسٹرائیکر اینڈ پر دکھائی دیتے ہیں۔ یہ دراصل براڈ کاسٹر سے ایک تکنیکی غلطی ہوئی تھی اور وہ اس سے پچھلی گیند کا ری پلے دکھا بیٹھے جس پر سوشل میڈیا پر تنقید ہوئی۔ حتمی فیصلہ دینے سے قبل امپائر پہلے دو زاویوں کا جائزہ لیتے دکھائی دیے۔ دوسری جانب پی سی بی ترجمان کے مطابق پروڈکشن کمپنی نے اپنی غلطی پرافسوس اورمعذرت کا اظہار کیا ہے،بورڈ نے صورتحال سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بھی آگاہ کردیا، بورڈ ترجمان نے کہاکہ نوبال چیک کرتے وقت امپائر نے ''ہاک آئی''کیمرے کی روشنی میں اپنا فیصلہ دیا۔

مقبول خبریں