بلاول کورونا وائرس پر قومی اتفاق رائے کیلیے متحرک

مشترکہ لائحہ عمل نہایت ضروری ہے،شہباز شریف، خالد مقبول، پرویز الٰہی، فضل الرحمن، اختر مینگل،ایمل ولی سے ٹیلیفونک گفتگو


Staff Reporter March 24, 2020
سیاسی رہنماؤں نے وڈیو لنک پر اے پی سی بلانے کیلیے اتفاق کر لیا، خالد مقبول نے کورونا پر سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کرونا وائرس پر قومی اتفاق رائے کیلیے متحرک ہوگئے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کرونا وائرس کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کیلیے گزشتہ روز سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں سے رابطے کیے، انھوں نے مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام ، ایم کیوایم پاکستان، مسلم لیگ ق، بلوچستان نیشنل پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے رابطے کئے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے شہبازشریف، مولانا فضل الرحمن، پرویز الٰہی، اختر مینگل، خالد مقبول صدیقی اور ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مختلف سیاسی جماعتوں کے راہنماؤں سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا جبکہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل نہایت ضروری ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے سیاسی رہنماؤں نے کرونا وائرس کے حوالے سے ویڈیو لنک پر اے پی سی بلانے کیلیے اتفاق کیا ہے۔

علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالدمقبول صدیقی کو ٹیلیفون کیا اور ملک اوربالخصوص صوبہ سندھ کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو نے حکومت سندھ کے زیراہتمام ہونے والی ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی اور اس کانفرنس کے ایجنڈے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس کانفرنس لاک ڈاؤن کے بعد کی صورتحال زیر غور آئے گی اور اس کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ مستقبل کے اقدامات پر قومی قیادت کو اعتماد میں لے گی کہ لاک ڈاؤن کے جو اثرات معیشت پر پڑیں گے اس سے کیسے نمٹا جائے، اس کے علاوہ ان اقدامات سے بھی قیادت کو آگاہ کیا جائے گا جس کے ذریعے سے غریب اور متوسط طبقے کے متاثر ہونے والے افراد کی داد رسی کی جائے گی۔

بلاول بھٹو نے کورونا سے بچاؤ کی مہم میں ایم کیوایم پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی اور اراکین اسمبلی کی جانب سے ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کرنے کے عمل کوسراہا، اس موقع پر خالدمقبول صدیقی نے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔

 

مقبول خبریں