تمام یونیورسٹیز کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کی ہدایت

ضیغم نقوی  پير 30 مارچ 2020
سمسٹر کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا‘ ٹیچنگ پالیسی گائیڈ لائن جاری۔ فوٹو:فائل

سمسٹر کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائیگا‘ ٹیچنگ پالیسی گائیڈ لائن جاری۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کورونا وائرس کے باعث یو نیورسٹیزکی بندش کے پیش نظر آن لائن ٹیچنگ پالیسی گائیڈ لائن جاری کر دی جس کی رو سے ملک بھر کی پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کو آن لائن کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق آن لائن کلاسز کی سہولت سے لیس یونیورسٹیز فوری طور پر کلاسز شروع کر سکتی ہیں جبکہ وہ تمام یونیورسٹیز جو ابھی تک آن لائن سسٹم کو قابل عمل نہیں بنا سکیں وہ31 مئی تک اس سسٹم کو فعال بنا کر یکم جون سے کلاسز کا آغاز کریں گی۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن ان یونیورسٹیز کوآن لائن ٹیچنگ کے لئے تکنیکی مہارت فراہم کرے گا اور اس مقصد کیلئے ٹیکنیکل سپورٹ کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے،  اساتذہ اور طلبا کی حاضریوں کا ریکارڈ بھی آن لائن سسٹم کے تحت مرتب کیا جائے گا۔

آن لائن موجودتعلیمی مواد کے معیار کو پرکھنے کا ٹاسک نیشنل  اکیڈیمی فار ہائیرایجوکیشن کو دے دیا گیا ہے۔ یونیورسٹیز کے دستیاب مٹیریل کے علاوہ طالبعلموں کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لئے  ایچ ای سی  نیشنل نالج بینک قائم کر رہا ہے جہاں نصاب، درسی کتب کی فہرستیں،ڈیجیٹل لائبریریوں کے لنکس، وڈیو لیکچرز سمیت بہترین تعلیمی مواد موجود ہو گا۔

ایچ ای سی نے تمام یونیورسٹیز کومعیاری آن لائن تعلیم کو یقینی بنانے  کے لئے بہترین اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کر دی،طلبا و طالبات و فیکلٹی ممبران کی صحت سے متعلق بھی آگاہی فراہم کی جاتی رہے گی  اور سمسٹر کو کسی صورت ضائع  نہیں ہونے دیا جائیگا ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔