عمران خان کے حکم پر چینی برآمد کی گئی، مریم اورنگزیب

ویب ڈیسک  بدھ 27 مئ 2020
لاپتہ وزیراعظم نتھیا گلی میں جھولا جھول رہے ہیں، ترجمان مسلم لیگ ن

لاپتہ وزیراعظم نتھیا گلی میں جھولا جھول رہے ہیں، ترجمان مسلم لیگ ن

 اسلام آباد: ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے حکم پر چینی ایکسپورٹ کی گئی۔

مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بدقستمی سے حکومت کورونا سے لڑنا نہیں چاہتی بلکہ اس کا کام شہباز شریف کو صبح شام یاد کرنا ہے، لاپتہ وزیراعظم نتھیا گلی میں جھولا جھول رہے ہیں اور ان کے نامعلوم ترجمان مخالفین پر حملے کر رہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ معصوم چینی چور اسد عمر برآمد کی وجہ بتاتے ہیں کہ اس کا مقصد زرمبادلہ کمانا تھا، صفحہ 71 پر چینی انکوائری رپورٹ کہتی ہے اسد عمر کے جواب تسلی بخش نہ تھے ، خیال تھا کہ شہزاد اکبر چینی بحران پر عثمان بزدار کے استعفیٰ اعلان کریں گے، رپورٹ کے صفحے 73 .74 پر عثمان بزدار کہتے ہیں انہیں زبانی ہدایات کس نے دی وہ نہ بتا سکے، سچ تو یہ ہے کہ انہیں یہ ہدایات عمران خان نے دی تھیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ نواز شریف بطور وزیراعظم جے آئی ٹی میں پیش ہوسکتا ہے لیکن لاپتہ وزیراعظم کو کمیشن میں طلب نہ کیا گیا، رزاق داوٴد نے بھی کمیشن کو بتایا کہ عمران خان کے حکم پر ملک میں چینی کی قلت کے باوجود ایکسپورٹ کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔